ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہنگامہ آرائی، فیفا کی ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف سخت کارروائی

فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد پیش آنے والی جھڑپوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے۔فیفا ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق ناہوئل مولینا کو بھی 7 میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے اور ان پر بھی 90 ہزار ڈالر جرمانہ لگایا گیا ہے۔فیفا کا کہنا ہے کہ اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن کی تحقیقات کے بعد یہ سزائیں سنائی گئیں۔اس کے علاوہ تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کرتے ہوئے 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ادارے کے مطابق اے ایف اے کو غیر اسپورٹس مین رویے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور سکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔مزید برآں ارجنٹائن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلے، تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔فیفا نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خاتمے کے اقدامات پر خرچ کیے جائیں، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر جرمانہ معطل رکھا گیا ہے۔یہ تمام کارروائی ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ فریقین کو فیصلے کی تفصیلی وجوہات حاصل کرنے اور اپیل دائر کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔



