Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی
Trending

اسرائیل غزہ میں جارحیت سے باز نہ آیا،مزید شہادتیں

غزہ سٹی: جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں، جن میں ایک صحافی اور ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق رات گئے غزہ سٹی کے علاقے الصبرہ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں الصفدی خاندان کے چار افراد، جن میں میاں بیوی اور ان کی دو کمسن بیٹیاں شامل تھیں، جاں بحق ہوگئے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔غزہ کے الشفا اسپتال نے تصدیق کی کہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کے رشتہ دار نائل الصفدی نے کہا کہ حملے کے وقت خاندان کے افراد سو رہے تھے اور ان کا کسی عسکری گروہ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔عینی شاہدین کے مطابق میزائل حملے سے عمارت کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا، جبکہ گھریلو سامان، کپڑے اور دیگر اشیا ملبے تلے دب گئیں۔ حملے میں زندہ بچ جانے والے محمد الصفدی نے کہا کہ وہ ایک عام شہری ہیں اور ان کا کسی مسلح سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔دوسری جانب غزہ سٹی کے شمالی علاقے میں ایک الگ اسرائیلی ڈرون حملے میں بھی ایک فلسطینی جاں بحق ہوا۔ بعد ازاں وسطی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں مزید تین افراد جان سے گئے۔فلسطینی سول ڈیفنس حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر حملوں میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں میں مقامی فلسطینی صحافی احمد وشاح بھی شامل ہیں، جو قطر سے تعلق رکھنے والے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے لیے بطور کیمرہ مین خدمات انجام دے رہے تھے۔ الجزیرہ نے اپنے صحافی کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button