ببل ریپ کے بلبلے پھوڑنے میں لطف کیوں آتا ہے؟ ماہرینِ نفسیات نے وجہ بیان کردی

بلبلہ دار پلاسٹک (ببل ریپ) کے ہوا بھرے چھوٹے چھوٹے بلبلے دبا کر پھوڑنا بہت سے لوگوں کی پسندیدہ عادت ہے۔ عام طور پر اسے محض وقت گزاری یا بچگانہ مشغلہ سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے انسانی دماغ اور نفسیات سے جڑی دلچسپ وجوہات کارفرما ہوتی ہیں، جو ذہنی دباؤ کم کرنے اور سکون کا احساس پیدا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ماہرین کے مطابق جب کوئی شخص ببل ریپ کے بلبلے پھوڑتا ہے تو اسے بیک وقت چھونے، آواز سننے اور بلبلے کے غائب ہونے جیسے کئی حسی تجربات حاصل ہوتے ہیں۔ یہی متواتر اور قابلِ پیش گوئی ردعمل دماغ کو پرسکون بناتا ہے، ذہنی یکسوئی میں اضافہ کرتا ہے اور تناؤ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔دی اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ہر مرتبہ ایک بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو ایک معمولی کامیابی کا احساس ہوتا ہے، جس سے خوشی اور اطمینان سے وابستہ اعصابی نظام متحرک ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے افراد اس عمل کو نہایت خوشگوار اور اطمینان بخش محسوس کرتے ہیں اور بار بار اسے دہرانا پسند کرتے ہیں۔



