Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے بڑا اقدام، وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات جاری

 

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر شہری کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں آلودہ پانی والے علاقوں کی فوری نشاندہی کر کے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں صوبہ بھر کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، نئے منصوبوں اور صاف پانی کی فراہمی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ایم پنجاب صاف پانی پراجیکٹ کے تحت مزید چار جدید بوٹلنگ پلانٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینک پر مشتمل کلسٹر بیسڈ پلانٹس بھی مختلف علاقوں میں نصب کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان جیسے آلودہ پانی سے متاثرہ اضلاع میں جدید بوٹلنگ پلانٹس فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں تیار ہونے والا صاف پانی ٹرکوں کے ذریعے دور دراز آبادیوں تک پہنچایا جائے گا۔ خوشاب بوٹلنگ پلانٹ کی ڈیجیٹل رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق یہ پلانٹ فی گھنٹہ 50 ہزار بوتلیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایسے تمام علاقوں کی فوری نشاندہی کی جائے جہاں عوام آج بھی پینے کے صاف پانی کے لیے میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے صاف پانی کی شدید قلت والے علاقوں میں ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی کرنے اور اس حوالے سے فوری اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2,258 واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ پہلے مرحلے میں بہاولپور ڈویژن میں 22 اور راجن پور میں 10 کلسٹر بیسڈ پلانٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ صاف پانی کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ڈپٹی کمشنرز سے فوری رپورٹس طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خراب یا بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو جلد از جلد فعال بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلٹریشن پلانٹس کی بندش یا خرابی سے متعلق عوامی شکایات ہر صورت فوری دور کی جائیں اور متعلقہ اضلاع میں بحالی کے اقدامات پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button