تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب بحال، سکھ برادری کے لیے عبادت کے دروازے کھول دیے گئے

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر نوشہرہ ورکاں میں واقع تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد اسے سکھ برادری کی مذہبی عبادت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر گوردوارے کی بحالی کو دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے ایک اہم تحفہ قرار دیا جا رہا ہے گوردوارہ سری کھارا صاحب کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کیا افتتاحی تقریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں نے شرکت کی اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب مذہبی مقامات کے تحفظ تاریخی ورثے کی بحالی اور اقلیتی برادریوں کو مذہبی آزادی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی توجہ کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ بحالی کے دوران گوردوارے کی اصل طرز تعمیر، تاریخی اہمیت اور مذہبی شناخت کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ سکھ برادری اپنی مذہبی روایات کے مطابق یہاں عبادت کر سکے۔ پاکستان تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ اور انہیں مکمل مذہبی آزادی فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے مطابق گوردوارے کو دوبارہ عبادت کے لیے کھولنا بین المذاہب ہم آہنگی مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے جبکہ سکھ یاتریوں کے مقدس مقامات کی بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارے کی بحالی پر حکومت پنجاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے سکھ برادری کی مذہبی عقیدت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے ساتھ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں گوردوارہ سری کھارا صاحب کی بحالی کو پنجاب کے مذہبی و تاریخی ورثے کے تحفظ اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کے درمیان احترام، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








