وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے براہ راست گفتگو قوم کو فخر ہے شہباز شریف

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی اور انہیں تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہفتہ کے روز وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اسلام آباد میں سپارکو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خلائی اسٹیشن میں موجود پاکستانی خلا باز سے ویڈیو رابطے کے ذریعے بات چیت کی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے انتہائی خوشی اور فخر کا دن ہے محمد ذیشان علی نے اپنی محنت مقصد سے وابستگی، مسلسل جدوجہد اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے تاریخ رقم کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی نے پاکستان کے نوجوانوں میں نئی امید اور حوصلہ پیدا کیا ہے۔ علامہ اقبال کے شعر محبت مجھے ان جوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتیں کسی سرحد یا حد کی پابند نہیں ذیشان علی نے ثابت کیا ہے کہ عزم محنت اور لگن سے قومیں نئی منزلیں حاصل کر سکتی ہیںشہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دی جاتی رہی ہے، لیکن آج یہ دوستی آسمانوں تک پہنچ گئی ہے یہ تاریخی خلائی مشن دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کا ایک یادگار تحفہ ہےوزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کے خلائی پروگرام میں پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا اعزاز حاصل ہونا دونوں ممالک کے گہرے اعتماد اور مضبوط تذویراتی تعاون کا ثبوت ہے انہوں نے سپارکو، اس کی ٹیم اور چین کی خلائی ایجنسی کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی خلا سے جو علم اور تجربہ لے کر وطن واپس آئیں گے وہ پاکستان میں سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا ان کا خلائی مشن اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان خلا کو پرامن مقاصد اور انسانیت کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی پاکستان اور چین کی آزمودہ اور دیرینہ تذویراتی شراکت داری کا قابلِ فخر مظہر ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی بے مثال ہے، جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے، جبکہ اب اس کی وسعتیں کائنات تک پہنچ گئی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بالخصوص مسلح افواج کو ذیشان علی پر فخر ہے۔ ان کی کامیابی علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق تصور کی عملی تعبیر ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔چین کے خلائی اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلا میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اپنے سینے پر سجانا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے خلا باز ہیں بلکہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز بھی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم کی محبت دعاؤں اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام پوری محنت اور قومی توقعات کے مطابق انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ذیشان علی نے پاکستان کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ تعلیم سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنائیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی نسلوں کے پاکستانی خلا باز، انجینئرز اور سائنس دان خلا کی مزید وسعتوں تک پہنچیں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے کائنات کے نئے راز دریافت کریں گے۔انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات ان کے لیے مزید تقویت کا باعث ہیں وہ اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے ساتھ مل کر سائنسی تحقیق جاری رکھیں گے اور پاکستان چین دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کی صحت، مشن کی کامیابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے اس ہیرو کی واپسی کی منتظر ہے۔








