بھارت میں سائبر فراڈ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، 164 غیر ملکی شہری بازیاب

بھارتی پولیس نے سائبر فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کے لیے مبینہ طور پر بھارت اسمگل کیے گئے 164 غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بازیاب افراد میں 92 انڈونیشین اور 72 ملائیشین شہری شامل ہیں۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نواحی علاقے میں بین الاقوامی سائبر جرائم کے ایک نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران ان افراد کو بازیاب کرایا گیا۔پولیس کے مطابق غیر ملکی شہریوں کو ملازمت اور پرکشش مواقع فراہم کرنے سمیت مختلف بہانوں سے بھارت بلایا گیا تھا، تاہم یہاں پہنچنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر قید کردیا گیا اور آن لائن فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک ملائیشین شہری کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک سے وابستہ دو بھارتی سہولت کاروں کی بھی شناخت کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سائبر فراڈ کے ایسے مراکز جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک میں عام ہیں، جہاں جرائم پیشہ گروہ انٹرنیٹ صارفین کو جعلی محبت کے تعلقات، کرپٹو کرنسی سرمایہ کاری اور آن لائن جوئے کے پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکا دیتے ہیں۔ تاہم ایسے جرائم کے لیے غیر ملکیوں کو کسی ملک میں اسمگل کرکے فراڈ پر مجبور کرنے کے واقعات بھارت میں نسبتاً کم سامنے آتے ہیں۔








