Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی

اسلام آباد ( آصف اقبال ) پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی ہوئی ہے، جس پر انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی ’’فرنٹیکس‘‘ نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا، جسے حکومت نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور پوری ٹیم نے دن رات محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن میں 100 فیصد کمی اگلا ہدف ہے، جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے قانونی مائیگریشن کی نئی راہیں کھولنا ضروری ہے۔ غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ افسران کی تربیت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر 500 امیگریشن کاؤنٹرز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں سے آراستہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جدید کیمروں کی مدد سے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لانے میں مدد ملے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق اداروں کی استعدادِ کار بڑھائی جا رہی ہے۔ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے لیے مزید عملی اقدامات اور مربوط تعاون کی ضرورت ہے، جبکہ آئی سی ایم پی ڈی اور فرنٹیکس کے ساتھ تعاون اس سلسلے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب نے پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے ایف آئی اے کی رسک اینالیسس رپورٹ کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے بھی پاکستان کی جانب سے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے مقرر کردہ ہدف کے حصول میں فرنٹیکس پاکستان کے ساتھ ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ملاقاتوں میں غیرقانونی امیگریشن کے سدباب اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔فرنٹیکس کے وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز، گورننس اینڈ اسٹریٹیجی ایوا کاپونا، ڈائریکٹر انٹیلیجنس ڈویژن اسٹیفانو فیلا، ہیڈ آف یونٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن جان وائیسٹل اور پاکستان کے لیے سینئر لائژن آفیسر رالف شوئپفلن شامل تھے، جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، اسپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button