پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا مریم نواز

ملتان(آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کوئی اٹھ کر یہ کہتا ہے کہ پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، حالانکہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر ہونے والی تنقید دراصل ان پر نہیں بلکہ صوبے کی ترقی پر تنقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو 9 ارب روپے کے سرکاری طیارے سے تکلیف ہے، حالانکہ یہ جہاز ان کا ذاتی نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب کے لیے ہے اور وہ اسے اپنے گھر نہیں لے جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرین کے پاس کشتیوں کے ذریعے بھی گئیں۔ ان کے بقول ہر وزیراعلیٰ کے پاس سرکاری طیارہ موجود ہوتا ہے، لیکن تنقید صرف ان پر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو جہاز سے نہیں بلکہ مریم نواز کے کاموں سے تکلیف ہے۔مریم نواز شریف نے بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں پونے تین کروڑ روپے انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔انہوں نے خیبر پختونخوا سے لاہور آنے والے سیاسی کارکنوں کے حوالے سے کہا کہ چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے تھے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کے لیے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔الیکٹرک بس سروس، کرایہ صرف 20 روپےوزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عام مسافروں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کی آخری حد تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ بسوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے۔ ان کے بقول، میری حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا۔ملتان میں کینسر کے علاج کی جدید سہولتمریم نواز شریف نے پنجاب میں کینسر کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے میو اسپتال میں جدید کینسر مشین چین سے لائی گئی تھی، جبکہ اب ملتان میں پنجاب کی دوسری مشین کا افتتاح کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مشین کے ذریعے دو خواتین کا علاج کیا گیا اور وہ ان خواتین کے انٹرویوز کرکے آئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق جدید مشین کے ذریعے دونوں خواتین کا علاج تقریباً 45 منٹ میں مکمل ہوا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو جدید سفری اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔



