سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے چینی قونصل جنرل سن یان کی ملاقات ،پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال

لاہور (آصف اقبال)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے چینی قونصل جنرل سن یان نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون، سی پیک اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں نہایت مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز رہیں اور دورے کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، جبکہ پاک چین اقتصادی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچنا ضروری ہیں۔ملک محمد احمد خان نے اس موقع پر پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاک چین معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے پاک چین دوستی کو آزمودہ، لازوال اور فولادی رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے، جبکہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، ایڈوائزر ٹو سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، ملک تیمور احمد خان موجود تھے۔



