Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب کی تقسیم منظور، سندھ پر پیپلز پارٹی کا واک آؤٹ کیوں؟ ملک محمد احمد خان

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کی تھی، جبکہ سندھ کی تقسیم کی بات ہوئی تو پیپلز پارٹی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ پیپلز پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ پنجاب اور سندھ کی تقسیم کے معاملے پر کیا مؤقف رکھتی ہے ایک سیاسی جماعت ایک صوبے کی تقسیم کی حمایت اور دوسرے کی مخالفت کرے تو اس کی وجوہات بھی بیان کرنی چاہئیں صوبوں کی تشکیل یا تقسیم پر بات کرنا کوئی شجر ممنوعہ نہیں، اس معاملے پر کھل کر بحث ہونی چاہیے۔پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ریفرنڈم ایک ایسا جمہوری عمل ہے جس میں حاکمِ اعلیٰ خود اپنی رائے دیتا ہے اور پاکستان کے عوام حاکمِ اعلیٰ ہیں۔ اللہ کے بعد عوام ہی اصل حاکم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام کا آئینی فیصلہ اسمبلیوں نے کرنا ہے، تاہم عوام سے رائے لینے پر آئین میں کوئی ممانعت نہیں۔ اگر عوام نئے صوبے کے قیام کے خلاف رائے دیں تو کوئی صوبہ نہیں بنایا جا سکتا اور اگر عوام حمایت کریں تو اس پر پیش رفت کرنا ہوگی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کتاب میلے میں ان سے ایک سوال کیا گیا تھا جس کا انہوں نے جواب دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ریفرنڈم کروانے کی بات کر رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ ریفرنڈم کی ضرورت کیوں محسوس ہو رہی ہے اور پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ کی تقسیم کے معاملے پر کہاں کھڑی ہے۔ یہ تمام باتیں اسمبلی کے تحریری ریکارڈ کا حصہ ہیں ملک محمد احمد خان نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم پر گفتگو کوئی ممنوع موضوع نہیں بلکہ ایک اہم قومی اور سیاسی بحث ہے۔ سندھ کی قومیت اور سیاسی حقوق دو الگ سوالات ہیں اور یہ معاملات قیام پاکستان سے پہلے کے ہیں۔ ملک میں پہلے ون یونٹ قائم کیا گیا اور بعدازاں اسے ختم کرنا پڑا، جبکہ 1973 کے آئین میں صوبوں کی موجودہ ساخت تشکیل دی گئی۔ بلوچستان کے حالات اس وقت مختلف تھے اور صوبہ سرحد کا نام بعد میں خیبرپختونخوا رکھا گیا انہوں نے بلاول بھٹو کے گزشتہ روز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے کولیپس کی بات کی ہے اس پر بھی گفتگو ہونی چاہیے فوجی آمروں نے ملک کو نقصان پہنچایا اور عدلیہ کے بعض غلط فیصلوں نے بھی ملکی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ عدلیہ کا ایک بڑا غلط فیصلہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ بلاول بھٹو کے اسمبلی میں کیے گئے مؤقف کو درست سمجھا جائے یا ان کے گزشتہ روز کے بیان کو؟ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے دس روزہ جنگ دیکھی جس نے بہت سے حقائق واضح کر دیے۔ بلاول بھٹو نے بھی ایوان میں اپنی تقریر کے دوران ان معاملات کا ذکر کیا تھا اور چیف آف ڈیفنس کے عہدے کی ضرورت پر بات کی تھی۔ جمہوریت دراصل اپنی غلطیوں کی اصلاح کا نام ہے اور تمام مؤقف واقعات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، محض خواہشات کی بنیاد پر نہیں۔ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے، تاہم پاکستان نے بہترین سفارت کاری کے ذریعے اپنا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کیاسپیکر پنجاب اسمبلی نے سیاسی قیدیوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حقوق اپنی جگہ لیکن کسی کا گھر جلانا کیسے سیاسی حق ہو سکتا ہے؟ ایک ہی وقت میں 29 چھاؤنیاں جلانا کون سا سیاسی حق ہے؟ اگر ایسے اقدامات کی اجازت دے دی جائے تو پاکستان کا وجود اور ریاستی نظام متاثر ہوگا۔ ہم پاکستان کے شہری ہیں اور سوال اٹھانا ہمارا حق ہے انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے خلاف نہیں جا سکتے کیونکہ وہ اتحادی جماعت ہے، تاہم پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ اس معاملے پر بیٹھ کر بات کرے۔ صوبوں کی تشکیل سے متعلق بحث سول سوسائٹی نے شروع کی تھی، جس میں وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم، چھوٹے اور بڑے شہروں میں فی کس اخراجات کے فرق اور گورننس کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ اس بحث میں بیوروکریٹک اصلاحات، مقامی حکومتوں کے نظام اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی جیسے اہم معاملات بھی شامل ہیںملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایوانوں میں اہم قومی معاملات پر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ہلڑ بازی کی وجہ سے اصل مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں اگر سیاسی قیدیوں اور سیاسی انتقام کے معاملات پر بات کرنی ہے تو اس کے ساتھ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ گھروں کو جلانے اور تشدد کے واقعات میں کس کا کیا کردار تھا ان تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لیے گول میز کانفرنس بلائی جائے اور سیاسی قیادت مل بیٹھ کر فیصلہ کرے انہوں نے کہا کہ 1973 کے آئین کی تشکیل میں پیپلز پارٹی کا بنیادی کردار ہے اور آئین سیاسی جماعتوں کو بھی جمہوری دائرے میں رہنے کا پابند بناتا ہے ممکن ہے صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر موجود سیاسی تضاد کو دیکھتے ہوئے ریفرنڈم کی تجویز سامنے آئی ہو، تاہم آرٹیکل 48 کی شق 3 کی آئینی حیثیت اور تشریح پر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے۔ ماضی میں سابق صدور کے کرائے گئے دو ریفرنڈمز پر بھی عوامی سطح پر اعتراضات سامنے آئے تھے ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے کرنا ہے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام یا صوبائی حدود میں تبدیلی کا آئینی فیصلہ اسمبلیوں کے ذریعے ہی ہوگا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس اہم قومی معاملے پر مخالفت برائے مخالفت کے بجائے مکالمے کا راستہ اختیار کریں اور اتفاقِ رائے سے ایسا حل نکالیں جو آئین، جمہوریت اور عوامی خواہشات کے مطابق ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button