Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب اسمبلی نے نیا تھیٹر ایکٹ 2026 منظور کر لیا فحش پرفارمنسز پر پابندی، خلاف ورزی پر تھیٹر سیل ہوگا عظمیٰ بخاری

لاہور ( آصف اقبال ) پنجاب اسمبلی نے ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 منظور کر لیا، جس کا مقصد تھیٹر کو فیملی فرینڈلی بنانا، فنکاروں کے حقوق کا تحفظ، غیر اخلاقی سرگرمیوں کا خاتمہ اور صوبے میں معیاری تھیٹر کلچر کی بحالی ہے۔ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایوان میں بل پیش کیا اور نئے قانون کی اہم خصوصیات سے آگاہ کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نئے ایکٹ کے تحت فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے، تاہم رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ کسی بھی تھیٹر میں غیر رجسٹرڈ فنکار سے پرفارمنس کروانے پر متعلقہ تھیٹر سیل کیا جا سکے گا۔ فنکاروں کو ہراساں کرنے یا کم از کم اجرت ادا نہ کرنے کی صورت میں تھیٹر کا لائسنس منسوخ ہوگا، جبکہ فحش اور بیہودہ پرفارمنسز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نئے قانون کا مقصد تھیٹر یا فن اور ثقافت پر پابندی لگانا نہیں بلکہ اس شعبے کو منظم، معیاری اور باوقار بنانا ہے۔ موجودہ کمرشل تھیٹرز میں ہونے والی بعض سرگرمیاں معاشرتی اور اخلاقی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اپوزیشن کی گفتگو سے محسوس ہوتا ہے جیسے تھیٹر میں سب کچھ مثالی تھا اور حکومت نے اچانک پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے تک محدود کر دیا گیا ہے، حالانکہ عام شہری اور خاندان بھی صاف ستھری اور معیاری تفریح کے خواہش مند ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ تھیٹر کو خاندانوں کے لیے محفوظ اور معیاری تفریحی ذریعہ بنایا جائے۔ الحمراء میں پیش کیے جانے والے معیاری ڈراموں کو خاندانوں کی جانب سے پذیرائی ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھا تھیٹر ہر عمر کے افراد کے لیے قابل قبول ہو سکتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں ایک وقت تھا جب تھیٹر میں بہترین ڈرامے پیش کیے جاتے تھے اور ان میں سماجی پیغام بھی ہوتا تھا۔ آج کے تھیٹر کے ماحول پر خود سوالات اٹھ رہے ہیں سہیل احمد خالد عباس ڈار اور وسیم عباس جیسے نامور فنکاروں نے تھیٹر کیوں چھوڑا؟ اس کی وجہ موجودہ تھیٹر کا وہ معیار ہے جو ان فنکاروں کی تخلیقی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا انہوں نے خواتین فنکاروں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض خواتین آرٹسٹس نے پروڈیوسرز کی جانب سے نامناسب لباس پہننے اور غیر اخلاقی حرکات پر مجبور کرنے کی شکایات کی ہیں۔ بعض تھیٹرز میں مہنگے ٹکٹ خریدنے والے تماشائیوں کو متوجہ کرنے کے لیے بھی خواتین فنکاروں پر نامناسب اقدامات کے لیے دباؤ ڈالنے کی اطلاعات ہیں۔ ایسے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں اور ان کی روک تھام ضروری ہےوزیر اطلاعات و ثقافت نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فنکار برادری کے لیے آرٹسٹ کالونی بنانے کا اعلان بھی کیا ہے، جو فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے حکومتی عزم کا اظہار ہے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت تھیٹر کو بند نہیں کرنا چاہتی بلکہ اسے منظم، مانیٹر اور معیاری بنانا چاہتی ہے تاکہ فنکاروں کو باعزت اور محفوظ ماحول ملے اور عوام کو صحت مند تفریح میسر آ سکے۔ ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 پنجاب کے شاندار تھیٹر کلچر کی بحالی فنکاروں کے حقوق کے تحفظ اور خاندانی تھیٹر کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button