امریکا کے پراسرار جوہری بم B94 کا انکشاف، منصوبے کے لیے کروڑوں ڈالر مختص

واشنگٹن: امریکی سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی کی بجٹ دستاویزات میں ایک نئے ممکنہ جوہری ہتھیار کا نام B94 سامنے آنے کے بعد امریکی جوہری پروگرام سے متعلق بحث شروع ہوگئی ہے۔مالی سال 2027 کے لیے محکمہ توانائی کے فنڈنگ بل کے مسودے میں اس منصوبے کے لیے اضافی 7 کروڑ 71 لاکھ 8 ہزار ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دفاعی امور پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق B94 کا نام بجٹ مسودے کے ساتھ منسلک وضاحتی دستاویز میں درج ہے۔ تاہم دستاویز میں اس ہتھیار کے ڈیزائن، ساخت، تباہ کن صلاحیت یا ممکنہ استعمال کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دفاعی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ B94 ممکنہ طور پر ایسا خصوصی جوہری ہتھیار ہوسکتا ہے جسے زمین کے اندر انتہائی گہرائی میں موجود اہداف کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہو۔ تاہم اس بارے میں تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔اس ممکنہ منصوبے نے امریکا کی زیرِ زمین فوجی تنصیبات اور دیگر حساس اہداف کو نشانہ بنانے کی جوہری صلاحیت سے متعلق سوالات کو دوبارہ جنم دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگر B94 واقعی ایک نئے جوہری بم کا نام ہے تو یہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں امریکا کا اپنی نوعیت کا پہلا نیا جوہری ہتھیار ہوسکتا ہے۔ تاہم صرف بجٹ دستاویز میں نام اور فنڈنگ کا ذکر اس بات کی حتمی تصدیق نہیں کرتا کہ نیا بم تیار کیا جاچکا ہے یا اس کی تیاری کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔








