کوریا: شادی سے بھی شاندار طلاق کی تقریب، خاتون خوشی سے نہال

جنوبی کوریا میں ایک خاتون نے شادی ختم ہونے پر افسردہ ہونے کے بجائے طلاق کا جشن منا کر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔37 سالہ کوریئن خاتون چو سیونگ یون، جو ایک بچے کی والدہ اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹر ہیں، نے اپنی طلاق کے موقع پر دوستوں کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ وہ طلاق یافتہ خواتین سے متعلق معاشرتی منفی سوچ کو چیلنج کرنا اور اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز خوشی سے کرنا چاہتی تھیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں خاتون کو چمکدار لباس پہنے دوستوں کے ساتھ جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔تقریب کے دوران خاتون نے کیک کاٹا، تقریر کی اور دوستوں کے ساتھ خوشی منائی، جبکہ ان کے دوست تالیاں بجا کر انہیں مبارک باد دیتے رہے۔خاتون نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ان کی طلاق کی تقریب شادی سے بھی زیادہ شاندار تھی۔ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی مختلف آرا سامنے آئیں، تاہم متعدد افراد نے خاتون کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں نئی زندگی کے آغاز پر نیک خواہشات پیش کیں۔








