Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

نوجوانوں سے ہی پاکستان کی مطلوبہ تبدیلی ممکن ہے ملک محمد احمد خان

قصور ( آصف اقبال )
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ جس تبدیلی کے ہم خواہاں ہیں اور جس پاکستان کو ہم دیکھنا چاہتے ہیں، وہ تبدیلی ہمارے نوجوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
کھڈیاں خاص، ضلع قصور میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقِ حکمرانی عوام کا حق ہے اور منتخب نمائندوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل حل کریں، کیونکہ حقیقی بہتری اسی وقت آئے گی جب نمائندے اپنے علاقوں اور عوام سے جڑے رہیں گے
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کا نوجوان باشعور، تعلیم یافتہ اور اپنے حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ ہو۔ یہ سیاست، یہ حکومت اور یہ ریاست سب عوام کی ہے۔ نوجوانوں کو ملک کے مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ملک محمد احمد خان نے ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کا نوجوان اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے انہوں نے کوہاٹ میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں قیامتِ صغریٰ برپا ہوئی، تاہم دشمن یہ جان لے کہ وہ پاکستانی قوم کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک محفوظ ہوگا تو ہی ترقی اور خوشحالی کا سفر آگے بڑھے گا، جبکہ قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا تعلیم کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر پاکستان کا نظامِ تعلیم بہتر ہوجائے تو ملک کو درپیش بہت سی مشکلات کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور ہمیں ملک کے ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ صحت کے نظام کو بہتر بنانا بھی ناگزیر ہے پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں متعدد اقدامات کر رہی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے تعلیم اور صحت دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اسی طرز کے یوتھ کنونشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے علاقے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موٹروے کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب وزیراعظم خود یہاں آکر کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی علاقے میں یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں، باشعور بنیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button