محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس عوامی مرکز کا دورہ، شہریوں کا نظام پر اطمینان کا اظہار

کراچی ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاسپورٹ آفس، عوامی مرکز کا دورہ کیا اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کرکے پورے پراسیس کے بارے میں دریافت کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں سے ٹوکن کے اجراء سے باری آنے تک کے انتظار کے وقت کے بارے میں بھی پوچھا۔ شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے موجودہ نظام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔شہریوں نے بتایا کہ وہ پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آئے ہیں اور چند ہی منٹوں میں ان کا تمام کام مکمل ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ بنوانے کے دوران انہیں کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آئی اور نہ ہی انتظار کرنا پڑا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ آفس عوامی مرکز کو شہریوں کی سہولت کے لیے مزید کشادہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر اور آسان سہولیات فراہم کی جاسکیں۔



