ٹیکنالوجی کمپنیوں کا اے آئی سائبر حملے ناکام بنانے کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کا مطالبہ

ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے کیے جانے والے ممکنہ سائبر حملوں کو ناکام بنانے کے لیے دفاعی اقامات میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیوں میں اوپن اے آئی، اینتھروپک، مائیکروسافٹ، الفابیٹ اور ایمازون شامل ہیں، مصنوعی ذہانت کے ذریعے کیے جانے والے ممکنہ سائبر حملوں کی متوقع لہر کو ناکام بنانے کے لیے پورے معاشرے کی سطح پر سائبر دفاعی اقدامات تیز کرنے پر زور دیا ہے۔کمپنیوں کی جانب سے جاری مشترکہ خط میں ان کمپنیوں سمیت100 سے زائد دیگر اداروں براڈکام، کیپیٹل ون، کلاؤڈ فلیئر، کراؤڈ اسٹرائیک، جنرل موٹرز، آئی بی ایم، ماسٹر کارڈ، اوریکل، رابن ہُڈ، شاپی فائی اور ویزا نے کہا کہ اے آئی سے پیدا ہونے والے خطرے کے پیش نظر اپنی ڈیجیٹل دنیا کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ہمارے پاس وقت بہت محدود ہے۔خط میں کہا گیا کہ آنے والے مہینوں میں اے آئی سے چلنے والے سائبر حملے کہیں زیادہ عام ہوجائیں گے کیونکہ دنیا بھر میں اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خط میں حکومتوں اور صنعتی شعبے کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کوشش کے لیے اپنی ٹیکنالوجی، وسائل اور مہارت کی بھرپور قوت بروئے کار لائیں۔کمپنیوں نے حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قابل اعتماد رسائی کے پروگراموں کو تیز کریں، جن کے تحت بعض کمپنیوں کو عام لوگوں سے پہلے زیادہ طاقت ور اے آئی ماڈلز تک رسائی فراہم کی جاتی ہے دیگر تمام اداروں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ سائبر دفاع کو فوری طور پر اپنی قیادت کی ترجیحات میں شامل کریں۔



