مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان 2026 منتخب، عالمی مقابلے میں ملک کی نمائندگی کریں گی

پاکستانی ماڈل مصباح ارشد نے مس یونیورس پاکستان 2026 کا اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ نومبر میں پورٹو ریکو میں ہونے والے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں 10 فائنلسٹس کے درمیان مقابلے کے بعد مصباح ارشد کو فاتح قرار دیا گیا۔ Historyاس کامیابی کے بعد مصباح ارشد 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جہاں دنیا بھر سے منتخب ہونے والی حسینائیں عالمی اعزاز کے لیے مقابلہ کریں گی۔مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ ماضی میں اسلام آباد میں بھی رہ چکی ہیں۔ فی الحال وہ جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں، جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ 2000 میں پیدا ہونے والی مصباح نے حسن کے مقابلوں میں 2023 کے دوران اپنی شناخت بنائی۔ اسی سال انہوں نے مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کے اعزازات بھی حاصل کیے تھے۔اب مس یونیورس پاکستان 2026 کا تاج اپنے نام کرنے کے بعد مصباح ارشد کے لیے اگلا مرحلہ عالمی مقابلہ ہے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مس یونیورس کے عالمی تاج کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔



