امریکی شہری نے اپنا ہی منی باسکٹ بال ریکارڈ توڑ ڈالا

امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے نکولس ڈی مارینس (جو سوشل میڈیا پر نکی بکٹز کے نام سے مشہور ہیں) نے 100 فٹ سے زائد فاصلے سے ننھی باسکٹ بال کو ہوپ میں ڈال کر اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔نکولس ڈی مارینس نے 4 جولائی 2026 کو 102 فٹ 11.76 انچ کے فاصلے سے ننھی باسکٹ بال کامیابی سے ہوپ میں پہنچائی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے سب سے طویل ننھی باسکٹ بال شاٹ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔اس سے قبل انہوں نے رواں سال مارچ میں 101 فٹ 8.47 انچ کے فاصلے سے شاٹ لگا کر یہی ریکارڈ قائم کیا تھا۔نکولس اس سے پہلے بھی ننھی باسکٹ بال کے میدان میں عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ ستمبر 2025 میں انہوں نے مسلسل 232 کامیاب ننھی باسکٹ بال شاٹس لگا کر سب سے زیادہ مسلسل شاٹس کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ڈی مارینس نے اپنی مہارت پوپ اے شاٹ نامی آرکیڈ گیم میں قومی سطح کے مقابلہ کنندہ کی حیثیت سے مزید نکھاری۔ اس کھیل میں دو کھلاڑی آمنے سامنے ننھی باسکٹ بالز کے ذریعے دو ہوپس میں گیند ڈالنے کا مقابلہ کرتے ہیں۔یوں نکولس ڈی مارینس نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی باسکٹ بال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر بنا دیا۔



