Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد( آصف اقبال)وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ شام اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، سیاسی، دفاعی، تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شام کے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر بھی شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں اب عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و دفاعی تعلقات کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔براہِ راست پروازوں کی بحالی پر زوروزیراعظم نے پاکستان اور شام کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کو دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا جبکہ پاکستان سے شام جانے والے بڑی تعداد میں زائرین کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیراعظم کو شام کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ملک میں جاری تعمیر نو کی کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔صدر احمد الشرع کو دورہ پاکستان کی دعوتملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام کے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور شام کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سیاسی رابطوں کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button