برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ، امن و امان اور جیل اصلاحات پر تبادلہ خیال

لاہور (آصف اقبال) برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان، سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، بارڈر سکیورٹی، جیل اصلاحات، شدت پسندی اور منشیات کے انسداد سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں فرسٹ سیکرٹری جسٹس اینڈ ہوم افیئرز جیما ولسن، سربراہ برٹش ہائی کمیشن لاہور بین وارنگٹن اور پروگرام آفیسر صدیقہ بتول شامل تھے، جبکہ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال اور محکمہ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے وفد کو امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کو مزید محفوظ بنایا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے 14 جدید چیک پوسٹس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کی روک تھام کے لیے محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل فعال کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ 22 ارب روپے کی لاگت سے ائمہ مساجد کے لیے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ جیل ریفارمز ایجنڈا کے تحت قیدیوں کی بحالی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور انہیں معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد رضاکار رجسٹر کیے جا چکے ہیں، جن کی مرحلہ وار تربیت جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ شدت پسندی کے انسداد کے لیے سینٹر فار ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم متحرک ہے، جبکہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ محکمہ داخلہ معصوم بچوں کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کے وفد نے حکومت پنجاب کے معاشرتی فلاح کے اقدامات کو سراہا اور دورے کے دوران قیدیوں کی تیار کردہ مختلف مصنوعات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بحالی اور ہنرمندی کے پروگرام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔



