پنجاب میں ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے تحت 30 ہزار خاندانوں کو سرکاری اراضی دے دی گئی

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے بے زمین اور مستحق خاندانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے تحت تاریخی اقدام کرتے ہوئے 30 ہزار غریب خاندانوں کو قابلِ کاشت سرکاری اراضی کے حقوق دے دیے۔ وزیراعلیٰ نے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی (بیلٹنگ) کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ معاشی خودمختاری، زرعی ترقی اور دیہی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت تقریباً ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری اراضی 30 ہزار بے زمین خاندانوں کو 20 سال کے لیے محض 100 روپے سالانہ فی ایکڑ کی علامتی لیز پر فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ پہلی مرتبہ ہر ایکڑ کے لیے 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دی جائے گی تاکہ مستحق خاندان زمین کی تیاری اور کاشتکاری کا آغاز کسی مالی رکاوٹ کے بغیر کر سکیں۔ محکمہ زراعت کی ایگریکلچر ایکسٹینشن سروسز کامیاب امیدواروں کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گی۔اجلاس کے دوران سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 22 اپریل کو شروع کیے گئے پروگرام کے لیے تقریباً 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 11 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ مجموعی طور پر 29 ہزار لاٹس کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی مکمل کی گئی، تمام درخواست گزاروں کو ذاتی سماعت اور اپیل کا موقع دیا گیا، جبکہ کامیاب امیدواروں کو ایک ہفتے کے اندر الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جائیں گے اور 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ دینے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ہر ضلع میں ضلعی کمیٹیاں تشکیل دے کر لیز سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جائیں گے۔قرعہ اندازی کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے پہلے کامیاب امیدوار عبدالستار ولد مختار احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ "اب آپ اگلے بیس سال کے لیے اپنی زمین کے مالک ہیں۔ صرف سو روپے سالانہ فی ایکڑ ادا کرنا ہوں گے، جبکہ زمین کی تیاری کے لیے حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔”وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ایسے خاندانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے جن کے پاس اپنی زرعی زمین یا مستقل آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "جیہڑا واہے گا، اوہی کھائے گا۔ فصل بھی آپ کی ہوگی، آمدنی بھی آپ کی ہوگی اور محنت کا پورا صلہ بھی آپ ہی کو ملے گا۔”انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں موجود قابلِ کاشت سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے مزید مستحق خاندانوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ زمین کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہے، اس میں کسی سفارش یا سیاسی دباؤ کو دخل نہیں دیا گیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام سے نہ صرف مستحق خاندانوں کی عزتِ نفس بحال ہوگی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں خواتین کی نمایاں شرکت خوش آئند ہے اور حکومت دیہی خواتین کو بھی معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ نے پروگرام کو مختصر مدت میں مکمل کرنے پر وزیر زراعت اور متعلقہ حکام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے سرکاری زرعی اراضی میں عام شہریوں کو باقاعدہ شراکت دار بنایا ہے۔



