
پیرس: یورپ کے مختلف ممالک اس وقت شدید اور ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کی زد میں ہیں، جس کے باعث فرانس میں ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ کئی ممالک میں روزمرہ زندگی، ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی موسمی صورتحال ایسے فضائی نظام کے باعث پیدا ہوئی ہے جو گرم ہوا کو کئی دنوں تک ایک ہی علاقے میں روک کر رکھتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔فرانس کے قومی موسمیاتی ادارے کے مطابق ملک کا اوسط درجہ حرارت 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو 1947 سے ریکارڈ رکھے جانے کے بعد سب سے زیادہ ہے۔شدید گرمی کے باعث فرانس کے شمال مغربی علاقے فینسٹر میں ٹرانسفارمر خرابی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تقریباً 68 ہزار گھرانوں کی بجلی معطل ہوگئی۔ حکام کے مطابق گرمی کی شدت سے بجلی کے نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑا جس کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہوا۔رپورٹس کے مطابق منگل کی رات تک فرانس میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے۔ بجلی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے تاہم مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔



