امریکی صدر کی ذہنی اور جسمانی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے، ٹرمپ کی بھتیجی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے چچا کی جسمانی اور ذہنی صحت بتدریج خراب ہو رہی ہے اور اس صورتحال کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میری ٹرمپ نے اپنے ہفتہ وار نیوز لیٹر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت سے متعلق جاری بحث پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی ذہنی اور جسمانی حالت میں مسلسل تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں۔میری ٹرمپ نے لکھا کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ بعض مواقع پر بظاہر منطقی اور معمول کے مطابق نظر آتے ہیں، تاہم ان کے رویے اور طرزِ عمل میں ایسی علامات موجود ہیں جو ذہنی اور نفسیاتی مسائل کی نشاندہی کرتی ہیں۔انہوں نے صدر ٹرمپ کی رات گئے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹس اور بعض غیر معمولی بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول صدر نفسیاتی طور پر تنزلی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔



