اپنی فوج کو حزب اللہ پر پوری طاقت سے حملے کرنے کا حکم دیدیا؛ اسرائیلی وزیراعظم

لبنان میں اسرائیل کے خلاف برسرپیکار حزب اللہ کے تازہ حملوں سے تلملائے ہوئے وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی فوج کو بھرپور حملوں کا حکم دے دیاعالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فوج کو بھرپور جوابی حملے کا حکم دیدیا۔وزیراعظم نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کھلی دھمکی دی کہ حزب اللہ کو بہت بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ ملکی فوجیوں اور سرزمین پر حملوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہماری افواج ہر اس خطرے کا خاتمہ کرے گی جو ملکی فوجیوں یا شہریوں کی سلامتی میں رکاوٹ ہوں۔ جس کے لیے اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قائم سیکیورٹی زون میں ضرورت پڑنے تک موجود رہے گی۔قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنوبی لبنان کے علاقے میں ایک مشتبہ ڈرون یا میزائل حملے میں 52ویں آرمرڈ بٹالین کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل ڈور گیڈیلیا بین سیمہون سمیت چار فوجی ہلاک ہوگئے۔ترجمان اسرائیلی فوج کے بقول یہ حملہ حزب اللہ نے کیا تھا جس کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ حملے کے بعد اسرائیل کے متعدد سیاسی رہنماؤں نے لبنان کے خلاف مزید سخت فوجی کارروائیوں کا مطالبہ کیا۔اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے کہا کہ لبنان کو سخت جواب دیا جانا چاہیے اور دعویٰ کیا کہ ہر اسرائیلی ماں کے آنسوؤں کے بدلے ہزار لبنانی ماؤں کو رونا چاہیے۔ایک اور انتہا پسند وزیر خزانہ بیزالیل سموٹریچ نے بھی لبنان پر شدید حملوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب آگ کی زبان میں بات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔



