ایرانی آرمی چیف نے دفاعی طاقت مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا

تہران : ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دفاعی طاقت مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی فوج کے چیف کمانڈر میجر جنرل امیر حاتمی نے منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن مستقبل میں کسی غلط اندازے یا غلط حساب کتاب کا مرتکب ہوا تو اسے ایران کے جمع شدہ غضب کا سامنا کرنا پڑے گا، جو اس کے لیے حالات کو غیر معمولی طور پر دشوار بنا دے گا۔انھوں نے قوم کو یقین دلایا کہ مسلح افواج اپنی دفاعی صلاحیت اور جنگی قوت میں مسلسل اضافہ کر کے اس فتح کو مستحکم بنائیں گی، تاکہ کوئی بھی ملک پر بری نظر ڈالنے کی جرأت نہ کر سکے۔امیر حاتمی نے کہا ایران عالمی سطح پر پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر ابھرا ہے، کوئی بھی ایران کے خلاف جارحیت کا سوچنے کی جرات نہ کرے، ہماری سرحدیں بھی پہلے سے زیادہ محفوظ اور طاقت ور ہیں، دشمن نے دوبارہ غلطی کی تو فیصلہ کن اور سخت جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے تزویراتی مقاصد میں ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا، اسلامی جمہوریہ کے نظام کو ختم کرنا اور تکبر کے ساتھ ملک کے نقشے کو ازسرِ نو ترتیب دینا شامل تھا، لیکن ایران نے ظالمانہ جارحیت کا سامنا کرنے کے بعد اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کیا۔جنرل حاتمی نے کہا کہ کہ اسلامی جمہوریہ ایران آج عالمی سطح پر پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں اور مضبوط حیثیت رکھتا ہے، اس کی سرحدیں پہلے سے زیادہ مستحکم ہیں، اور ایرانی قوم نے نہ صرف ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا بلکہ دشمن پر اپنی مرضی بھی مسلط کی، جس کا حالیہ مظاہرہ لبنان میں بھی دیکھنے کو ملا۔ انھوں نے مزید کہا لبنان پر اسرائیلی حملہ یا لبنانی علاقوں پر قبضہ امریکا کے ساتھ طے کیے گے معاہدے کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔



