
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی، نیویارک سٹی کے محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ کی کمشنر دینا لیوی اور میئرز آفس ٹو پروٹیکٹ ٹیننٹس کی ڈائریکٹر سیا ویور نے HPD کے پارٹنرز اِن پریزرویشن پروگرام کی ایک اہم کامیابی کا جشن منایا۔ اس موقع پر بروکلین کی 8609 بے 16ویں اسٹریٹ پر شہر کے تعاون سے قائم ہونے والی 100ویں کرایہ دار یونین کے قیام کا اعلان کیا گیا۔پارٹنرز اِن پریزرویشن پروگرام کے تحت HPD مختلف کمیونٹی تنظیموں کے ساتھ مل کر کرایہ داروں کو غیر محفوظ رہائشی حالات، مکان مالکان کی جانب سے ہراسانی اور غفلت جیسے مسائل کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس پروگرام کے ذریعے شہر نے 39 کمیونٹی اضلاع میں کام کرنے والی 20 معتبر کمیونٹی تنظیموں کو فنڈز فراہم کیے ہیں، جو کرایہ داروں کو اپنی انجمنیں قائم کرنے، اجتماعی طاقت کو مضبوط بنانے اور لاپرواہ مکان مالکان کو جوابدہ بنانے میں معاونت کرتی ہیں۔میئر ظہران ممدانی نے کہاکہ رہائش صرف چار دیواروں اور ایک چھت کا نام نہیں، بلکہ اس احساس کا نام ہے کہ آپ دن بھر کی مصروفیات کے بعد اپنے گھر واپس آئیں تو خود کو محفوظ محسوس کریں۔ جب کرایہ دار متحد ہو کر منظم ہوتے ہیں تو وہ اپنے گھروں کی ضروری مرمت کروا سکتے ہیں، عمارتوں کے حالات بہتر بنا سکتے ہیں اور اجتماعی طور پر اپنے مکان مالکان سے مذاکرات کر سکتے ہیں۔ شہر کے تعاون سے قائم ہونے والی 100ویں کرایہ دار یونین اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اجتماعی جدوجہد کامیاب ہوتی ہے، اور یہ تو صرف آغاز ہے۔ ہمارے بلاک بائی بلاک ہاؤسنگ پلان کے تحت ہم کرایہ دار یونینوں کو قانونی حیثیت دیں گے اور کرایہ داروں کی تنظیم سازی کی بھرپور حمایت کریں گے تاکہ مزید نیویارکرز کو اپنے بہتر گھروں کے لیے مؤثر انداز میں آواز اٹھانے کا اختیارحاصل ہو۔



