ماہرہ خان کی غزہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت، اسرائیلی برینڈز سے وابستگی پر تنقید کا شکار

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں غزہ کے لیے منعقد کی گئی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ تقریب عالمی برادری کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی جس میں اداکارہ نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا کا تیار کردہ خوبصورت لباس زیب تن کیا۔ تقریب کے دوران ماہرہ خان نے شرکا سے ملاقات کی، تصاویر بنوائیں اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں نے اداکارہ کے انداز اور خوش اخلاقی کو سراہا۔تاہم، تقریب کی ویڈیوز پر بعض صارفین نے مختلف نوعیت کے سوالات بھی اٹھائے اور ماہرہ خان کی جانب سے ماضی میں کیے گئے برانڈ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے مؤقف پر تنقید کی۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ماہرہ خان ایک جانب فلسطین اور غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب وہ ماضی میں ایسے عالمی برانڈز کی تشہیر کرتی رہی ہیں جنہیں صارفین اسرائیل سے جوڑتے ہیں۔



