ٹرمپ کی متنازعہ ویزا پالیسی غیرقانونی قرار،غیرملکیوں کیلئے امریکہ کا سفر آسان

واشنگٹن: امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ ون بی ویزا پروگرام کے تحت غیر ملکی ماہر ملازمین کی درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کی پالیسی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی ڈسٹرکٹ جج لیو سوروکین نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر یہ اقدام کرکے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔عدالت کے 42 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ ایچ ون بی ویزا درخواستوں پر عائد کی جانے والی ایک لاکھ ڈالر کی رقم درحقیقت ایک ٹیکس کے مترادف ہے، جبکہ امریکی آئین کے مطابق اس نوعیت کا ٹیکس نافذ کرنے کا اختیار صرف کانگریس کے پاس ہے، انتظامیہ کے پاس نہیں۔صدر ٹرمپ نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ ایچ ون بی ویزا کے لیے درخواست دینے والی کمپنیوں کو ایک لاکھ ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی، اس فیصلے کا مقصد امریکی ملازمتوں کے تحفظ اور غیر ملکی افرادی قوت کے استعمال کو محدود کرنا قرار دیا گیا تھا۔



