
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پہلے کے مقابلے میں مذاکرات کے حوالے سے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، تاہم وہ اب بھی کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان رابطے اور بات چیت جاری ہے، لیکن اس مرحلے پر کسی حتمی معاہدے کے امکانات واضح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے رویے میں پہلے کے مقابلے میں تبدیلی نظر آ رہی ہے اور وہ مذاکرات کو سنجیدگی سے لے رہا ہے، تاہم معاہدے تک پہنچنے کے لیے ابھی مزید پیش رفت درکار ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ہونے والی پیش رفت سے ہی واضح ہوگا کہ آیا دونوں ممالک کسی قابل قبول معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں یا نہیں۔



