پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور(آصف اقبال) پاکستان اور آذربائیجان نے شہری ترقی، نئے شہر بسانے، زراعت، بینکنگ اور سیاحت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔ یہ پیش رفت باکو میں پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور PASHA Holding کے سی ای او ایلچن گاڈیموف کی اہم ملاقات میں سامنے آئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب سرمایہ کاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور کاروباری آسانیوں کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے Ravi Urban Development Authority، Central Business District Punjab اور “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سنہری موقع قرار دیا۔ملاقات میں رئیل اسٹیٹ، ٹورازم، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور جدید مالیاتی نظام میں مشترکہ سرمایہ کاری پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ پنجاب حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سنگل ونڈو سہولت اور فاسٹ ٹریک منظوریوں کی یقین دہانی کرائی۔



