Select Language:
Urdu / English / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

سربراہ پاک فضائیہ کی ترکیہ میں دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں

اسلام آباد:سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے سلسلے میں ائیر چیف نے سب سے پہلے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو سے ملاقات کی جہاں انہیں تاریخی اور پرُتپاک استقبال کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے پیش کیا گیا گارڈ آف آنر دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر تھا۔دونوں فضائی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ فضائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر مشترکہ عسکری مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلہ پروگرامز اور جدید تربیتی اقدامات کے ذریعے پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی استعداد کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button