’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ عالمی سطح پر تسلیم کئے جا رہے ہیں:وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور (آصف اقبال)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ عالمی سطح پر سٹڈی کیس کے طور پر تسلیم کیے جا رہے ہیں اور مختلف ممالک ان ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ورلڈ اربن فورم 2026 میں پنجاب پویلین عالمی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں بین الاقوامی مندوبین اور عالمی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوامی فلاحی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کے تحت ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ 65 ہزار سے زائد گھر زیر تعمیر ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے گندم کی پیداوار کے تمام اہداف حاصل کیے، کاشت کے رقبے اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ کسانوں کو حکومتی نرخ سے بہتر قیمت ملی۔ ان کے مطابق گندم کے شعبے میں 100 ارب روپے سے زائد کی تجارتی سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود “لائیو ڈیش بورڈ” کے ذریعے گندم اور آٹے کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



