عزیز کی راکھ پانی میں بہانا مہنگا پڑ گیا، سیاح خاتون زیرِ تفتیش

اٹلی کے شہر وینس میں ایک فرانسیسی خاتون سیاح اپنے کسی عزیز کی راکھ سینٹ مارک بیسن کے پانیوں میں پھینکنے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔وائرل ہونے والی حیران کن ویڈیو میں نامعلوم خاتون کو ایک تھیلی خالی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں بظاہر انسانی راکھ موجود تھی۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کشتی سان جورجیو میجوری کے قریب سے گزر رہی تھی۔ایک دوسرے مسافر نے یہ منظر پبلک ستی واٹر بس میں سفر کے دوران ریکارڈ کیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ویڈیو میں جس وقت خاتون راکھ پانی میں پھینک رہی ہوتی ہیں اس وقت دیگر مسافروں کو خاتون پر چیختے اور احتجاج کرتے بھی سنا جا سکتا ہے۔وینس کے قوانین کے مطابق انسانی راکھ کو صرف مخصوص اور منظور شدہ مقامات پر ہی بکھیرنے کی اجازت ہے، جن میں گارڈنز آف ریمیمبرنس شامل ہیں جو سان مشیل سمیٹری، میسٹر اور مارگرا کے قبرستانوں میں واقع ہیں۔



