Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
شوبز

بی ٹی ایس گلوکار جیمین بن کر برازیل کی 68 سالہ خاتون سے محبت کے نام پر دھوکا

برازیل کے شہر ساؤ پالو میں 68 سالہ ریٹائرڈ خاتون آن لائن محبت کے نام پر دھوکا دہی کا شکار ہوگئیں۔ ایک جعل ساز نے خود کو جنوبی کوریا کے مشہور میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جیمین ظاہر کرکے خاتون سے تقریباً 3 لاکھ برازیلی ریئل، یعنی 52 ہزار سے 56 ہزار امریکی ڈالر کے برابر رقم ہتھیا لی۔یہ واقعہ سب سے پہلے ریسیف کے روزنامے ’دیاریو دے پرنامبوکو‘ نے رپورٹ کیا، جسے نومبر کے آغاز میں نیوز ویب سائٹ ’امی رانتے‘ نے بھی شائع کیا۔ پولیس ریکارڈز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خاتون تقریباً چار ماہ تک آن لائن اس شخص سے رابطے میں رہیں۔ اس دوران جعل ساز نے محبت بھرے پیغامات بھیجے اور ان کے درمیان قریبی تعلق کا تاثر پیدا کیا۔بعد ازاں اس شخص نے خاتون کو مہنگے تحائف بھیجنے کا وعدہ کیا، لیکن کچھ عرصے بعد دعویٰ کیا کہ یہ تحائف برازیل کے کسٹمز حکام کے پاس روک لیے گئے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنا ضروری ہے۔ خاتون نے اس مطالبے پر کئی مرتبہ رقم ادا کی، حتیٰ کہ ادائیگیوں کے لیے بینک سے قرض بھی لیا۔جب انہیں حقیقت کا علم ہوا تو انہوں نے جعل ساز کا اکاؤنٹ بلاک کردیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ ساؤ پالو کی سول پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ دھوکا دہی میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا کر اسے ختم کیا جاسکے۔اب تک شائع ہونے والی رپورٹس میں متاثرہ خاتون کا نام، جعل ساز کے زیرِ استعمال سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا ان تحائف کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں جن کا وعدہ کیا گیا تھا۔ یہ بھی کوئی اشارہ نہیں ملا کہ بی ٹی ایس کے اصل گلوکار جیمین یا ان کی ایجنسی کا اس اکاؤنٹ سے کوئی تعلق تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button