وزیراعظم شہباز شریف سے آئیون ھو مائنز کے بانی رابرٹ فریڈلینڈ کی ملاقات، پاکستان میں معدنی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آئیون ھو مائنز کے بانی اور ایگزیکٹو شریک چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری، عالمی شراکت داری اور معدنی شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تانبے، سونے اور دیگر اہم معدنیات کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے اور حکومت ان وسائل کو ملکی معیشت کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہےانہوں نے کہا کہ پاکستان کو معدنیاتی سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی منزل قرار دیا جانا عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معدنی استعداد اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے آئیون ھو مائنز کی پاکستان میں دلچسپی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے آئیون ھو مائنز کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ملاقات میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے موقع پر مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔آئیون ھو مائنز کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، علاقائی امن و استحکام اور معاشی اصلاحات کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔








