Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
ہفتہ وار کالمز

اپنی کھال میں رہو !

اپنےمقبوضہ پاکستان میں جو طوفانِ بدتمیزی اور ظلم و ستم کا جو بازار جرنیلی ٹولہ نے عاصم منیر کی سربراہی میں گرم کیا ہوا ہے وہ اپنے جامہ سے باہر ہورہا ہے !ان پاکستان دشمنوں اور ملت فروشوں کو جور و ستم کا حوصلہ اور یوں بھی ہوتا ہے کہ پاکستان کے عوام ہر ظلم و ستم کا جس کا پہاڑ ان پر رات دن ٹوٹ رہا ہے خاموشی سے اور بغیر مزاحمت کے برداشت کئے جارہے ہیں!یہ ہر ذی ہوش جانتا ہے کہ مارنے والے کا ہاتھ اگر پکڑا نہ جائے تو ستمگر کو مزید ظلم و ستم کی ترغیب اور تحریک ہوتی ہے اور یہی یزیدی ٹولہ کا حوصلہ بڑھانے کیلئے بہت ہے کہ عوام اس کی ہر زیادتی اور ظلم کو کوئی مزاحمت کئے بغیر قبول کر رہے ہیں۔ اگر قبول نہیں بھی کر رہے تو اس بازارِ ظلم و ستم کو ٹھنڈا کرنے کیلئے ان کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہورہی !ظالم کیلئے یہی ہری جھنڈی کا کام کرتا ہے اور اس کی آتشِ ظلم و ستم کو اور تیز کرتا ہے کہ نشانہ بننے والے کوئی مزاحمت نہیں کر رہے!پاکستان کا مسئلہ دراصل وفاق کے دونوں بڑے صوبے، پنجاب اور سندھ ہیں جن پر جرنیلوں کے گماشتوں کا راج ہے۔کیا بدنصیبی ہے اور تاریخ کے ساتھ کیا ستم ہے کہ وہ شہرِ لاہور جس میں پاکستان بنانے کی قرارداد طے پائی تھی اور جہاں ایک پلیٹ فارم سے قائدِ اعظم کی رہنمائی میں مسلمانانِ ہند کے مسلم زعماء اور قائدین نے پاکستان کے حصول کی جد و جہد شروع کی تھی آج وہ ایک لوہار کی بیٹی کے تسلط میں ہے اور وہ ہر کام میں اپنی من مانی اس طور سے کر رہی ہے جیسے وہ پنجاب کی ملکہ ہو!مشہورِ عالم فلسفی اور دانشور یونان کے افلاطون کا یہ معروف قول ہے کہ حکومت کرنے کا حق صرف خاندانی نجیب اور شرفاء کا ہونا چاہئے کیونکہ کم ظرف اور کم ذات کو اگر اقتدار مل جائے تو وہ ایسے ہی ہوتا ہے جیسے گنجے کو ناخن مل جائیں!گنجا تو ناخن ملنے پر اپنا سر ہی کھجاتا ہے لیکن کم ظرف اور کم اوقات کو اگر اقتدار کی کرسی مل جائے تو پھر وہ حشر ڈھاتا ہے جو نام نہاد فیلڈ مارشل عاصم منیر ڈھا رہا ہے اور اس کی پسندیدہ مریم نواز پنجاب پر ستم توڑ رہی ہے !سندھ میں ڈکیت زرداری صوبے کو اور بطورِ خاص سونے کا انڈہ دینے والی کراچی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے کیونکہ وہ پیدائشی ڈکیت ہے اور اسے صرف لوٹنا آتا ہے!لیکن لوہار کی دختر مریم جسے یزید عاصم منیر نے پنجاب پر مسلط کیا ہے وہ اور ہی کھل کھیل رہی ہے۔مریم کی سالگرہ صوبہ بھر میں اس طرح سرکاری سرپرستی میں منائی گئی جیسے اس مہارانی کا وجود پنجاب کیلئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے ایک نعمت ہو! اسکول کے بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ان سے مریم کی تعریف اور توصیف میں ترانے گوائے گئے!اور تو اور مریم کی تصویر بنانے کے مقابلے کروائے گئے اور ملکہ عالیہ کو ان کی تصاویر پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقد کی گئیں، محافلِ رنگ و رامش سجائی گئیں!مریم نواز کو پاکستان کی ڈونالڈ ٹرمپ کہنا بیجا نہ ہوگا۔ اسی طرح ٹرمپ کو امریکہ کی مریم نواز کہا جاسکتا ہے جو قطعا” غلط نہیں ہوگا، یوں کہ دونوں اپنے سحر میں مبتلا، اپنی ذات کے جنون میں گم نرگیسیت کے مارے ہیں اور جو کام کرتے ہیں، جو لفظ منہ سے نکالتے ہیں اس میں اپنی بڑائی مقصود ہوتی ہے، اپنی ذات کو نمایاں کرنا چھپا ہوتا ہے !مریم ٹرمپ کے مقابلہ میں یوں زیادہ خوش قسمت ہے کہ اسے یزید عاصم منیر کی سرپرستی حاصل ہے جس نے ملک پر وہ فسطائیت مسلط کی ہوئی ہے جس کی پاکستان کے داغدار فسطائی آمروں اور عسکری طالع آزماؤں کی تاریک اور سیاہ تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی !لیکن ٹرمپ کی بدنصیبی یہ ہے کہ وہ امریکہ جمہوریت کے نظام کو اپنی تمام تر شیطانیت اور ابلیسیت کے باوجود ختم نہیں کرسکتا !اسی جمہوری نظام اور مزاج نے چند دن پہلے ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن میں ٹرمپ کے منہ پر وہ طمانچہ رسید کیا ہے کہ کوئی غیرت مند اور حیادار صدر ہوتا تو ان نتائج کے بعد، جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں نے اپنے ری پبلکن حریفوں کو وہ دھول چٹائی جو انہیں اور ٹرمپ کو ہمیشہ یاد رہنی چاہئے، اپنے منصب سے اتر جاتا اور باعزت استعفیٰ دے دیتا!لیکن ٹرمپ میں تو حیا اور شرم کی ایک بوند بھی نہیں ہے۔ لہٰذار کمال ڈھٹائی اور بیغیرتی سے اب بھی یہ ڈینگیں مار رہا ہے کہ وہ بیلٹ پیپر پر نہیں تھا۔ اگر وہ بیلٹ پیپر پر ہوتا تو بقول اس کے پھر کامیابی اور کامرانی کہیں اور نہیں جاتی۔ اس کی ذات کے گرد طواف کرتی رہتی! ٹرمپ اور کم ذات اور کم نسب مریم نواز میں جو مماثلتِ کردار ہے اس کو ہم نے اپنے ان چار مسرعوں میں یوں سمیٹ لیا ہے:
شخصیات کا ملنا اب سمجھ میں آیا ہے
فاصلوں کی دوری پر ملتے کیسے ہیں کردار
درمیان حائل ہوں سات کیا سمندر دس
ایک مردِ افرنگی، ایک مشرقی ہے نار !
فسطائی پاکستان کی رانی مریم کیلئے وہ پریشانی نہیں ہے جو جمہوری امریکہ میں ٹرمپ کو لاحق ہونے والی ہے۔ اس کم ظرف جنونی کو اب مزید کانگریس کی تائید اور حمایت نہیں حاصل ہوگی۔ لہٰذا اس کے بقیہ دو برسوں میں وہ مطلق العنانی سے محروم وہ صدر رہ جائے گا جسے امریکی اصطلاح میں "لیم ڈک” یعنی بے بال و پر بطخ سے تشبیہ دی جاتی ہے !ٹرمپ کی ہار رانی مریم نواز کیلئے مسئلہ نہ سہی لیکن اس کے سرپرست، جس نے اسے پنجاب کا راج سونپ دیا ہے، عاصم منیر کیلئے سنگین مسئلہ بن سکتا ہے !یہ پاکستانی یزیدِ وقت، عاصم منیر ٹرمپ کا مصاحب بننے کے بعد اس زعم میں مبتلا ہوگیا تھا کہ جب تک اس فرعون ساماں کا دستِ شفقت اس کے سر پر ہے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا۔ وہ پاکستان کا جو چاہے حشر کرے کسی پاکستانی گروہ، یا جماعت یا ادارہ کو کوئی حق نہیں کہ اس سے جواب طلب کرسکے، اس کا محاسبہ کرسکے ، اسے عدالت کے کٹہرہء انصاف میں کھڑا کرسکے !اسی زعم میں اس یزید نے، جو اپنے جور و ظلم میں پاکستان کے ہر عسکری آمر کو بہت پیچھے چھوڑ چکا ہے، پاکستان کو اپنی جاگیر اور اس کے پچیس کڑوڑ عوام کو اپنی رعیت سمجھتے ہوئے ملک پر بد ترین قسم کی فسطائیت مسلط کی ہوئی ہے۔لیکن اپنے سرپرست کے بے دست و پا ہوجانے کےبعد اس یزیدی آمر کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ اس کو ہوش آجانا چاہئیے بلکہ ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اب شکست خوردہ ٹرمپ اس کی بیجا حمایت نہیں کرسکے گا اور ڈیموکریٹک پارٹی کے اقتدار کی تاریخ گواہ ہے کہ اس پارٹی نے پاکستان کی کبھی اس طرح حمایت نہیں کی جس طور پہ ری پبلکن پارٹی پاکستان کے ساتھ لاڈلے کا سلوک رکھتی آئی ہے !لیکن کم نسب عاصم منیر سے ہمیں کم از کم کوئی امید نہیں ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلے گا یا پاکستان پر اپنی آہنی گرفت کو نرم کرسکے گا !عمران کے ساتھ اس کا وحشیانہ سلوک اس کے باطن کی درندگی کا بین ثبوت ہے!اس آمر نے پاکستان کی عدالتوں کو بالکل بے دست و پا کردیا ہے اور انصاف کی مسندوں پر بیٹھے ہوئے منصفوں کو ایک مذاق بنادیا ہے۔ اس کی گواہی وہ بے بسی دے رہی ہے کہ سپریم کورٹ عمران کے ضمن میں یہ فیصلہ سناتی ہے کہ عمران کا علاج پرائیویٹ ہسپتال میں ہونا چاہئیے لیکن یزید کا ایک پولیس والا چوکیدار جو اڈیالہ جیل میں صرف اس مقصد سے تعینات ہے کہ عمران اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہونی چاہئیے اس فرمانِ عدالتِ عالیہ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتا ہے !اسلام آباد ہائی کورٹ عمران اور بشریٰ بی بی کے حوالہ سے یہ حکم دیتی ہے کہ ان کو قیدِ تنہائی کی صعوبت سے نجات دی جائے اور ان کے لواحقین کو ان تک رسائی دی جائے لیکن عاصم منیر رعونتِ یزیدی اس فرمان کو اپنے بوٹوں تلے روند دیتا ہے اور عمران اور اہلیہ کی قیدِ تنہائی کا تسلسل جاری رہتا ہے !ہم اس یزیدِ دوراں اور فرعونِ وقت کو یہی مشورہ دے سکتے ہیں کہ او عاصم منیر، اپنی کھال میں رہ ! مانا کہ تجھے پڑھنے لکھنے سے کوئی شغف نہیں لیکن تاریخ پڑھ اور دیکھ کہ کیسے کیسے فراعین اور یزید اس خاک میں مل گئے اور تاریخ کی دھول بن گئے !تو، کم ظرف، اپنے کو خدا سمجھ بیٹھا ہے اور اس زعم میں مبتلا ہے کہ تجھے موت نہیں آئے گی اور تو اللہ کو جوابدہ نہیں ہوگا۔ لیکن ، وہ مالک الملک ہر فرعون اور یزید کو ایک مدت ہی ڈھیل دیتا ہے لیکن جب وہ رسی کھینچتا ہے تو ہر فرعون اور یزید کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیتا ہے ! سو، ہوش کے ناخن لے، اپنی کھال میں رہ، اپنے کو خدا سمجھنا ترک کردے۔ دیکھ کہ تیرے سرپرست کو، جو اب بھی خود کو خدا سمجھتا ہے، اللہ کیسے نمونہء عبرت بنا رہا ہے ! اور اپنی قوم سے ہماری یہی دست بستہ التجا ہے کہ اے قوم، اپنی آنکھیں کھول اور دیکھ کہ جنہیں تو اپنا محافظ اور چوکیدار سمجھ بیٹھی ہے کیسے بیدردی سے تیری پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں اور تیرے گھر میں یہ چور نقب لگا رہے ہیں۔ ان چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات کے بغیر تیرا مستقبل تاریک ہے !شمالی امریکہ میں گذشتہ ہفتے وقت بدل گیا، گھڑی کی سوئیاں ایک گھنٹے پیچھے ہوگئیں لیکن قوموں کی تقدیر گھڑی کی سوئیاں بدلنے سے نہیں بدلا کرتی۔ اپنی تقدیر قوم کے افراد کو خود بدلنا ہوتی ہے!
گھڑی کی سوئیاں تو وقت بدلا کرتی نہیں
بدلنا وقت کا انسان کی ہے قدرت میں
جو قوم نقب زنوں کو سمجھ لے چوکیدار
سمجھ لو وہ ہوئی برباد اپنی غفلت میں !

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button