سخت امیگریشن پالیسی اور انسانی حقوق کی پامالی صدرٹرمپ کو لے ڈوبی!

سخت امیگریشن اقدامات، ملک گیر گرفتاریاں، ڈیپورٹیشن اور انسانی حقوق کے تنازعات نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے سیاسی مشکلات پیدا کیں۔ 2026 کے مڈٹرم انتخابات کے نتائج نے بھی اس بحث کو نئی اہمیت دے دی ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مرتبہ وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد امیگریشن کے معاملے کو اپنی حکومت کی نمایاں ترجیحات میں شامل رکھا تھا ۔ ان کا مؤقف تھا کہ غیر قانونی نقل مکانی امریکی قومی سلامتی، روزگار، معیشت اور سماجی نظام کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ چنانچہ سرحدوں کی نگرانی سخت کرنے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک بدر کرنے اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کو زیادہ فعال بنانے کے اقدامات کئے گئے۔بظاہر یہ پالیسی ان کے انتخابی وعدوں کی تکمیل تھی، لیکن اس کے عملی نتائج نے امریکی معاشرے میں ایک نئی بحث چھیڑ دی۔ سوال یہ اٹھنے لگا کہ کیا قومی سلامتی کے نام پر انسانی حقوق، خاندانی تحفظ اور قانونی انصاف کے تقاضوں کو پس پشت ڈالا جا سکتا ہے؟ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر تنقید کا بنیادی سبب امیگریشن قوانین کا نفاذ نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد کا طریقۂ کار بنا۔
غیر قانونی تارکینِ وطن کی ملک بدری، سرحدوں کی سخت نگرانی، ICE یعنی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اختیارات میں اضافہ اور سیاسی پناہ کے قوانین پر سختی ان کی پالیسی کے بنیادی نکات رہے۔ ان اقدامات کا مقصد ان کے حامیوں کے نزدیک امریکی سرحدوں کا تحفظ اور امیگریشن قوانین کا نفاذ تھا لیکن ان کے طریقۂ کار نے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور آئینی تحفظات کے حوالے سے شدید بحث کو جنم دیا۔سوال یہ ہے کہ کیا ان پالیسیوں نے ٹرمپ کی سیاسی مقبولیت اور ری پبلکن پارٹی کو نقصان پہنچایا؟ اس کا جواب’’ ہاں‘‘ ہی ہوگا ،اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ صدر ٹرمپ کی عوامی حمایت میں کمی ہوگئی۔ اپریل 2026 میں رائٹرز کےایک سروے نے ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے حوالے سے اہم اشارے د ے دیئے تھے۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ ملک کے52 فیصد امریکیوں نے کہا کہ وہ ایسے امیدوار کی حمایت کے لیے آمادہ نہیں ہوں گے جو ٹرمپ کی سخت ڈیپورٹیشن پالیسی کی حمایت کرتا ہو۔ جبکہ 42 فیصد نے اس پالیسی کی حمایت کرنے والے امیدوار کے حق میں رائے دی۔ آزاد ووٹروں میں 57 فیصد نے سخت ڈیپورٹیشن پالیسی کی مخالفت کی، جبکہ 32 فیصد نے اس کی حمایت کی۔ امیگریشن کے معاملے پر ٹرمپ کی کارکردگی کی منظوری 2025 کے آغاز میں 50 فیصد تھی، جو اپریل 2026 میں کم ہو کر 40 فیصد رہ گئی۔یہ سروے 4557 امریکی بالغ افراد پر کیا گیا تھا۔سخت امیگریشن اقدامات سے یہ تو ہوا کہ امریکہ کی سرحدوں پر پہرے سخت ہو گئے، امیگریشن حکام کی کارروائیاں تیز ہو گئیں، ملک بدری کے احکامات میں اضافہ ہوا اور تارکینِ وطن کے دلوں میں بے یقینی نے گھر کر لیا لیکن اس تمام سختی کے باوجود ایک سوال اب امریکی سیاست کے ایوانوں میں گونج رہا ہےکہ کیا سرحدوں کو محفوظ بنانے کی کوشش میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سیاسی اعتماد کو داؤ پر لگا دیا ہے؟
امیگریشن پالیسی پر سب سے زیادہ تنقید ان کی کارروائیوں کے طریقۂ کار پر ہوئی۔ گرفتاریاں، حراستی مراکز، خاندانوں کی علیحدگی اور قانونی سماعت کے مواقع سے متعلق خدشات نے انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کیا۔ پیو ریسرچ سینٹر اپریل 2026 کے سروے کے مطابق 52 فیصد امریکیوں نے کہا کہ انتظامیہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کی ملک بدری میں حد سے زیادہ سختی کر رہی ہے۔اسی سروے میں یہ بھی بتایا گیا کہ71 فیصد امریکیوں نے عبادت گاہوں میں امیگریشن گرفتاریاں نہ کرنے کی حمایت کی۔67 فیصد نےبھی ہسپتالوں میں ایسی گرفتاریوں کی مخالفت کی جبکہ 67 فیصد نے اسکولوں میں گرفتاریوں کی مخالفت کی۔ پیو ریسرچ سینٹر کےیہ اعدادوشمار ایک اہم حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں،امریکی عوام امیگریشن قوانین کے نفاذ کے مخالف نہیں ہیںلیکن ان کے نفاذ میں انسانی وقار اور بنیادی حقوق کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ یہی امیگریشن کی سختیاں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی سیاسی قیمت3 نومبر 2026 کے مڈٹرم انتخابات کے نتائج میں ری پبلکن جماعت کو ایک بڑے سیاسی دھچکے کی صورت میں چکانا پڑا،تاہم یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ صرف انتخابی شکست کی واحد وجہ امیگریشن پالیسی تھی۔ مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں، ایران جنگ اور واشنگٹن میں بدعنوانی سے متعلق عوامی ناراضی کو شکست کے اہم عوامل میں شمار کیا جاسکتا ہے۔
یہاںاب سب سے اہم بات یہ ہے کہ 9 نومبر کو سی بی ایس کے پروگرام 60 منٹس میں انٹرویو دیتے ہوئے خود صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا ہےکہ ملک بدری کی کارروائیاں ضرورت سے زیادہ سخت ہوئیں اور اس سے انہیں سیاسی نقصان پہنچا۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بعض ایسے افراد کو بھی ملک بدر کیا گیا جن کی ملازمتیں اور معاشی کردار اہم تھے۔یہ اعتراف اس بات کی علامت تھا کہ امیگریشن پالیسی کے سیاسی اثرات اب خود وائٹ ہاؤس میں بھی زیرِ غور آ رہے ہیں۔تارکینِ وطن کی محنت کو نظرانداز کرنا کبھی آسان نہیں رہا،امریکہ کی معاشی اور سماجی تاریخ تارکینِ وطن کی خدمات کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ تعمیرات، زراعت، ہوٹلنگ، ریستوران، ٹرانسپورٹ، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تارکینِ وطن اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔پاکستانی، بھارتی، بنگلہ دیشی اور دیگر جنوبی ایشیائی کمیونٹیز بھی امریکی معاشرے اور معیشت کا حصہ ہیں۔ ان میں بڑی تعداد امریکی شہریوں، قانونی مستقل رہائشیوں اور مختلف قانونی حیثیتوں کے حامل افراد پر مشتمل ہے۔ ان سب کو ایک ہی قطار میں کھڑے کر نا درست نہیں۔امیگریشن پالیسی کے اثرات صرف غیر قانونی طور پر مقیم افراد تک محدود نہیں رہے بلکہ خوف اور غیر یقینی کی فضا بعض اوقات قانونی تارکینِ وطن اور ان کے خاندانوں کو بھی متاثر کرتی رہی۔ یہی وہ پہلو ہے جسے ٹرمپ انتظامیہ کو پالیسی بناتے وقت پیشِ نظر رکھنا چاہیے تھا۔جب امیگریشن کی کارروائیوں کے خوف سے خاندانوں میں بے یقینی پیدا ہوتی ہے تو اس کے اثرات بچوں کی تعلیم، کاروبار، روزگار اور مقامی معاشرتی زندگی تک پہنچتے ہیں۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن، امریکی شہری اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی قانونی حیثیت ایک جیسی نہیںہوتی۔
2026 کے مڈٹرم انتخابات نے واضح کیا کہ امریکی ووٹر صرف امیگریشن کے وعدوں کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرتے۔ مہنگائی، روزگار، صحت، معاشی تحفظ، انسانی حقوق اور حکومتی کارکردگی بھی ان کے فیصلوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اب صدرٹرمپ کے لیے اصل سیاسی چیلنج یہ ہے کہ وہ قومی سرحدوں کے تحفظ اور انسانی حقوق کے درمیان ایسا توازن کیسے قائم کریں جس پر ان کے حامیوں کے ساتھ ساتھ عام امریکی شہریوں کا اعتماد بھی برقرار رہ سکے۔آخرکار امریکہ تارکینِ وطن کی محنت، قربانیوں اور خوابوں سے تعمیر ہونے والا ملک ہے۔ اس کی تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قانون کی بالادستی اور انسانی وقار ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ ایک مستحکم جمہوری معاشرے کے دو بنیادی ستون ہیں۔







