امریکہ اور عزرائیل کے انتخابات میں عوام کا فیصلہ!

دوستو۔ دنیا میں ایک خوشگوار ہوا کا جھونکا چلا ہے، خدا کرے کے اس کے نتائج مسلمانوں کےلئےاچھے ہی ہوں۔خاص طور پر جو عزرائیلی انتخابات میں ہوا ، وہ تو لگتا ہے کہ جیسے فلسطینی مظلوموں کی آہ سنی گئی۔7اکتوبر 2023سے اب تک غزہ کے محکمۂ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، عزرائیل کے حملوں میں 74,640 فلسطینی مرد، عورتیں اور بچے شہید کئے گئے، 17,5,947 فلسطینی زخمی ہوئے اور 849 لاشیںمسمار عمارتوں کے ملبہ سے برآمد کی گئیں۔ان تمام شہادتوں میں سے 1610اموات 5819زخمی اس دن کے بعد ہوئیں جب کہ امریکہ نے غزہ پرعزرائیل کی جنگ بندی کروائی تھی۔ دانشمند حلقوں کا تخمینہ ہے کہ ان کے علاوہ ہزاروں افراد لا پتہ ہیںجو ہو سکتا ہے کہ عمارتوں کے ملبہ میں پڑے ہوں۔سب جانتے ہیں کہ عزرائیل کا وزیر اعظم نیتن یاہو فلسطینیوں کے خون کا پیاسا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ فلسطین کی سر زمین سے سب فلسطینیوں کو مار بھگائے یا ہلاک کر دے۔اس کا نصب العین عزرائیل کو عظیم تر بنانا تھا۔ یہ تو اس کے منصوبے کی شروعات تھیں۔ لیکن اس کی نسل کشی کے واقعات کی خبریں ساری دنیا میں پھیل رہی تھیں اور عزائیلی خود پریشان تھے کہ کیا ہو رہا ہے۔ہر دوسرے دن کچھ عزرائیلی نو جوان سڑکوں پر احتجاج کرتے نظر آتے تھے۔سوشل میڈیا سے اب کوئی بات چھپی نہیں تھی۔لیکن کوئی شخصیت یا اتھارٹی نیتن یاہو کو روک نہیں سکتی تھی۔اس نے نہایت چالاکی اور ہوشیاری سے امریکی صدر کومجبور کر دیا تھا کہ وہ اس کو ضروری اسلحہ اور مالی امداد دیتا رہے۔لیکن سچ تو یہ ہے کہ صدر ٹرمپ پر بھی اب دبائو بڑھ رہا تھا کہ وہ اس نسل کشی میں عزرائیل کی مدد نہ کرے، لیکن کانگریس میں ابھی بھی ریپبلکن پارٹی کی اکثریت تھی جو نیتن یاہو کے ساتھ تھی۔یہ ایک اللہ کا نظام تھا کہ عزرائیل کو انتخابات میں جانا پڑا۔ 27 نومبر کو انتخابات ہوئے اور حسب معمول کوئی واضح نتیجہ نہیں نکلا۔ نیتین یاہو نہ ہارا نہ جیتا۔اس کے بعد پارٹیوں میں سودے بازی ہوئی۔ اس میں مخالف امیدوارگادی آئزنکوٹ کو عزرائیلی صدر نے حکومت بنانے کا کہہ دیا۔ یہ صاحب ، یاشر پارٹی کے قائد اورحزب مخالف کے قائد ہیں اور سابقہ فوج کے کمانڈر انچیف۔ ان کو صدر نے ایک مہینے کی مہلت دی ہے کہ وہ نئی کابینہ پیش کریں ۔ اسمبلی کی کل سیٹوں میں کم از کم 61ان کے حق میں ہوں۔جنرل آئزنکوٹ کو عرب پارٹیوں کے گیارہ ووٹ ملنے سے حکومت بنانے کا موقع مل گیا۔اس سے تاثر ملتا ہے کہ نئی حکومت فلسطینیوں کے معاملے میں ہاتھ ہلکا رکھے گی۔یہ ایک اتفاق تھا کہ امریکہ میں بھی جنرل الیکشن ہونے تھے۔ ان میں صدر ٹرمپ کی پارٹی کی بھی کئی سیٹیں شامل تھیں۔ مقابلہ سخت تھا۔ ٹرمپ کی ریپبلیکن پارٹی اور مخالف ڈیموکریٹ پارٹی کے درمیان۔ امریکہ میں بھی عوامی تاثر ٹرمپ کے خلاف پایا جاتا تھا۔ یہ سب کو معلوم ہو چکا تھا کہ ٹرمپ کی حمایت اور امداد کی وجہ سے عزرائیل میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی تھی۔امریکی اس نسل کشی کے حق میں نہیں تھے۔یہ بھی امریکی عوام جان چکے تھے کہ کس طرح نیتن یاہو ٹرمپ کو بلیک میل کر رہا تھا۔پھرٹرمپ نے بلا وجہ دوسرے ملکوں کی برآمدت پر بھاری ٹیرف لگا دئیے جن سے امریکہ میں مہنگائی بڑھ گئی۔اور امریکی صنعت کو نقصان پہنچا۔خصوصاً کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات خراب کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی مار لی۔ہمارا اندازہ ہے کہ یہ سارے کام اس نے عزرائیل کے کہنے پر کئے۔یہی نہیں ، ان ہی کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے ، اس نے وینزویلا کی حکومت گرا دی اور اس کے تیل پر قبضہ کر لیا۔گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کا مشورہ بھی وہیں سے آیا تھا۔نیتن یاہو جو مشورہ دیتا تھا اسے بلا سوچے سمجھے اور بغیر اپنے قابل مشیروں کی رائے جانے وہ کر دیتا تھا۔امریکی عوام ٹرمپ کی ان باتوں سے نالاں تھے۔ اس کا نتیجہ پھر وہی نکلا کہ عوام نے انتخابات کے ذریعے اپنا غصہ نکالا اور ٹرمپ کی پارٹی کو شکست فاش دی۔ ٹرمپ حیران رہ گیا اور کہا کہ یہ سارا قصور اس کے وزیر دفاع کا ہے۔اور یہ بھی اس نے جو ایران پر حملہ کیا وہ بھی ایک وجہ بنی۔یہ الیکشن مڈ ٹرم تھے جو ہر دو سال کے بعد ہوتے ہیں۔ آیندہ انتخابات اب 2028میں ہونگے جن میں ٹرمپ کا مکمل صفایا ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ان مڈ ٹرم انتخابات میں ٹرمپ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اپنی اکثریت کھو دی اور واضح طور پر۔ایران پر حملہ صرف نیتن یاہو کے اصرار پر کیا گیا۔حالانکہ ایران کی طرف سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔صرف نیتن یاہو کو وہم تھا کہ ایران ایٹم بم بنا رہا ہے اور وہ اس کو عزرائیل پر پھینکے گا۔حالانکہ ایران اول تو ایٹم بنانا ہی نہیں چاہتا تھا۔ آیت اللہ خمینی نے اس کی ممانعت کر دی تھی۔ایران صرف پُر امن استعمال کے لیے یورینیم حاصل کرنا چاہتا تھا۔ایران پر حملہ کا ایک نتیجہ سٹریٹ آف ہرمز میں تیل کی آمد ورفت تقریباً بند ہو گئی جس کے اثرات ساری دنیا میں ہوئے۔ امریکنوں نے بھی عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت بڑھنے کا فائدہ اٹھایا اور امریکہ میں بھی پٹرول کی قیمتیں ڈیڑھ گنا ہو گئیں۔جس سے لوگوں میں غم و غصہ بڑھ گیا۔یہ غیر ضروری مسائل تھے جو ٹرمپ نے پیدا کئے۔اور انتخابات میں امریکی عوام نے اسے واضح پیغام دے دیا کہ تمہارے کام ہمیں پسند نہیں آئے۔اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ جو لوگ ٹرمپ کے ٹٹ پونجیئے بنے ہوئے تھے جیسے اپنے پاکستان میں شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر ، ان کا کیا بنے گا؟ ہمارا قیاس ہے کہ عمران خان کو جیل میں پہنچانے والا نیتن یاہو تھا۔ اب جب کہ اس کی حکومت نہیں ہے کیا ممکن ہے کہ جنرل منیرعمران خان کی رہائی کا سوچے؟ اب امکان ہے کہ ٹرمپ بھی زیادہ مخالفت نہیں کرے گا۔ ٹرمپ تو پہلے بھی صرف یاہو کی وجہ سے عمران خان کی قید کے حق میں تھا۔ اب ہونا تو یہ چاہیے کہ لوہا گرم ہے۔ پاکستان میں عمران خان کے حامی اپنی مہم تیز کرد یں، اور حکومت پر دبائو بڑھائیں کیونکہ اس سے بہتر موقع نہیں آئے گا۔یہ اللہ کی کرنی تھی کہ ایک ہی وقت میں نیتن یاہو اور ٹرمپ دونوں کی ہوا نکل گئی۔ اس میں بہت سوں کا فائدہ ہو گا۔ان حضرات نے تو اندھیر ہی مچایا ہوا تھا۔ ظاہر ہے کہ عزرائیلیوں نے بھی نیتن یاہو کی پالیسیز کو نا پسند کیا۔جو بڑی خوش آئند بات ہے۔اور امریکیوں نے ٹرمپ کی حرکات منظور نہیں کیں ۔ کیا پتہ کہ دنیا اب کسی امن کی راہ پر چل پڑے؟کچھ امریکی عوام نے ٹرمپ کی نقل مکانی کی پالیسیز پر بھی نا خوشگواری کا اظہار کیا۔ ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگر اسکی جماعت انتخابات جیت گئی تو وہ ہر امریکن کو ۵ ہزار ڈالر دے گا۔یہ تقریباً ۲ء۱ کھرب ڈالر بنتے ہیں۔یہ وہ کہاں سے لاتا؟ ظاہر ہے کہ ایک جھوٹا وعدہ تھا ،شرم ناک بھی ۔پاکستان کے مسائل امریکہ اور ایران نہیں بلکہ زیادہ گھمبیر یعنی اقتصادی ہیں۔ لیکن ان مسئلوں کے حل کے لیے دونوں حضرات نا کارہ ہیں۔نہ ان کو تجربہ ہے اور نہ ہی ان کی تربیت۔پاکستان کو اگر کوئی اس وقت بچا سکتا ہے تو عمران خان ہے۔ وہ اس لیے کہ وہ ایک ایسا قائد ہے جو نہ صرف بصیرت رکھتا ہے بلکہ وہ اپنی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تلخ فیصلے بھی کر سکتا ہے، جو نہ شہباز شریف اور نہ ہی عاصم منیر کر سکتے ہیں۔اور پاکستان کو اس وقت ان تلخ فیصلوں کی ضرورت ہے۔
اس وقت جنرل صاحب کے سر پر اور صوبے بنانے کا بھوت سوار ہے۔لیکن ان کی نیت پر ہمیں شک ہے۔یہ زیادہ صوبے بنا کر ان پر اپنے فوجی گورنر بٹھانا چاہتے ہیں اور ہر صوبے میں گورنر راج لاگو کر کے، مکملاً فوجی حکومت بنانا چاہتے ہیں۔ان مقاصد میں یہ کہیں نہیں ہے کہ ایسا کرنے سے پاکستان کا کیا فائدہ ہو گا؟ پاکستان کئی بار فوجی حکومت کے تحت رہ چکا ہے اور ان فوجی حکومتوں نے پاکستان کی ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا، صرف لوٹ کھسوٹ کی ، سرمایہ بنایا، اور ذاتی فائدے اٹھائے۔نہ پاکستانیوں کو تعلیم ملی، نہ ان کی صحت کے ادارے مضبوط ہوئے، اور نہ اس کے نوجوانوں کو روزگار ملے۔اس لیے اگر جنرل صاحب کو پاکستان سدھارنے کا شوق ہے تو وہ تو پورا ہو گا نہیں۔ البتہ ان کے بوٹ برادران کی جیبیں اور بھر جائیں گی ،وہ ہو جائے گا۔
ہم جانتے ہیں کہ فوج میں اہلیت نہیں ہوتی جو ایک ملک چلانے کے لیے درکار ہو۔ اس میں بہت سی اچھی باتیں ضرور ہوتی ہیں لیکن وہ ملک چلانے کے لیے کافی نہیں۔فوج کو جس چیز کی تربیت دی جاتی ہے اس کو وہی کرنا چاہیئے۔مثلاً سرحدوں کی حفاظت۔اب چونکہ ہماری فوج کے پاس سیاست کھیلنے سے ہی وقت نہیں، دہشت گرد دھنا دھن ملک میں گھسے چلے آتے ہیں۔ پاکستان میں جو کچھ بلو چستان میں ہو رہا ہے وہ بھی فوج کا کیا دھرا ہے۔ایسی کوئی مثال نہیں کہ فوج نے کسی ملک پر حکومت کہ ہو اور اس ملک نے بے مثال ترقی کی ہو۔دنیا میں کہیں بھی نہیں۔جب فوج کی حکمرانی ہوتی ہے سب سے پہلے اظہار رائے پر پابندی لگ جاتی اور اسطرح جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے۔فوج کسی قسم کی تنقید برداشت نہیں کرتی کیونکہ یہ اس کی تربیت میں ہی نہیں۔اور قومیں تنقید ہی سے تو ترقی کرتی ہیں۔جمہوریت میں تھوڑا بہت لحاظ بھی کیا جاتا ہے لیکن فوجی حکمرانی میں تو ایسی کوئی چیز نہیں۔اگر عوام کو صوبوں پر فیصلہ کرنے کا کہا گیا تو کیا عوام کو اس کے مثبت اور منفی پہلوئوں سے خبردار کیا جائے گا؟ لگتا تو نہیں۔ ریفرنڈرم کرانے کا مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ انجان لوگوں سے فیصلہ کروایا جائے۔راقم چھوٹے صوبوں کے خلاف نہیں، اس لیے کہ قومی خزانہ زیادہ علاقوںمیں بٹے۔تو بہتر ناتئج نکل سکتے ہیں۔ لیکن اگر وہی خزانے غلط کاموں پر خرچ کیے گئے تو بجائے فائدہ کے نقصان زیادہ ہو گا۔ کیونکہ ہمارے معاشرے میں، اور خصوصاً سول سروس میں۔ جب زیادہ سول سرونٹس ہوں گے تو زیادہ کرپشن ہو گی۔اور جب صوبائی حکومت کے اداروں کی تعمیر ہو گی تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ کمیشن کی شکل میں کتنی اوپر کی آمدنی بنے گی؟اس لیے ہم دوبارہ درخواست کرتے ہیں کہ صوبے ضرور بنائیں لیکن اس سے پہلے ایک فعال مقامی حکومتوں کا نظام بنائیں۔اور اس نظام کو کچھ سال چلنے دیں۔







