آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں کا نشانہ بن گئے، تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے ماہ اضافے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافہ آبنائے ہرمز میں متعدد آئل ٹینکرز کے مبینہ طور پر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا۔ اس پیش رفت نے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران عالمی تیل کی ترسیل اور سپلائی کو لاحق خطرات ایک بار پھر نمایاں کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی تنازع ایران کے ساتھ آٹھویں ماہ میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے عالمی توانائی منڈی میں تشویش بڑھا دی ہے۔برینٹ خام تیل کے دسمبر کے سودوں کی قیمت میں 1.20 ڈالر یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 116.08 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.37 ڈالر یعنی 1.34 فیصد اضافے کے بعد 103.37 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ماہانہ بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت اس ماہ تقریباً 14 فیصد بڑھنے کی جانب گامزن ہے۔








