بھارتی اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش، تصویر بھی شیئر کردی

نامور بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا اور ان کی اہلیہ لین لائش رام کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ بھارتی اداکار اور ان کی اہلیہ نے بچے کی پیدائش سے متعلق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اعلان کیا۔ دونوں نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ ان کی بیٹی کی پیدائش ایک خاص دن پر ہوئی ہے، جو رندیپ کے والد رنبیر ہودا کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔مزید کہا گیا کہ یہ موقع خاندان کے لیے دہری خوشی کا باعث ہے، اداکار اور ان کی اہلیہ نے ننھی بچی کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں اس کے ننھے ہاتھ نظر آ رہے ہیں۔بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے سوشل میڈیا پر اپنے والد اور نومولود بیٹی کے لیے جذباتی پیغام بھی شیئر کیا ہے۔انہوں نے لکھا ’دادا اور پوتی کا جنم دن ساتھ ہوگیا، آج جب میں خود باپ بنا ہوں تو آپ کے لیے میری قدر اور بھی بڑھ گئی ہے، پاپا۔انہوں نے پوسٹ میں اپنی اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’اور سب سے اہم بات لین لائش، مجھے باپ بنانے اور ہماری ننھی بیٹی کو اس دنیا میں لانے کے لیے شکریہ۔ واضح رہے کہ رندیپ ہودا اور لین لیش رام نے 29 نومبر کو ایک مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں حمل کی خبر دیتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات معروف اداکار نصیرالدین شاہ کے تھیٹر گروپ میں ہوئی تھی، لاک ڈاؤن کے دوران ان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے اور بعد میں وہ ایک ساتھ رہنے لگے۔رندیپ ہودا اورلین لیش رام نے 2022 میں سوشل میڈیا پر اپنے تعلق کا باضابطہ اعلان کیا، جب کہ 29 نومبر 2023 کو بھارتی ریاست منی پور میں روایتی رسومات کے تحت شادی کی۔



