Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

مکہ معاہدہ دفاع کے ساتھ معاشی و تکنیکی شراکت داری کا نیا راستہ ہے :سپیکر پنجاب اسمبلی

گوجرانوالہ ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ معاہدہ اجتماعی دفاع کے ساتھ امن، استحکام اور وسیع تر معاشی و تکنیکی تعاون کی نئی بنیاد بن سکتا ہے، دفاعی صلاحیت کا مقصد جنگ نہیں بلکہ مؤثر دفاع اور پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے، پاکستان کو اپنی اسٹرٹیجک شراکت داری کو سرمایہ کاری، تجارت، ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا۔ گفٹ یونیورسٹی گوجرانوالہ میں ’’مکہ سے عالمی شراکت داری: سلامتی، معاشی ترقی اور مسلم دنیا میں پاکستان کا ابھرتا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی تعاون پر انحصار کم کرکے تعلیم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے اپنی قومی صلاحیت بڑھانا ہوگی، حالیہ علاقائی کشیدگی نے بھی ثابت کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور مقامی مہارت قومی سلامتی اور معاشی خود انحصاری کیلئے ناگزیر ہیں۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جامعات صرف ڈگریاں دینے کے مراکز نہیں بلکہ قومی قیادت، تحقیق اور عملی صلاحیتوں کی تیاری کے ادارے ہیں، نوجوانوں کو عالمی حالات اور ان کے پاکستان کی معیشت، سلامتی اور معاشرے پر اثرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ دورانِ تعلیم عملی تجربات، کاروباری مواقع اور عالمی اداروں سے روابط فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو طویل عرصے سے سیاسی عدم استحکام، معاشی مشکلات، دہشت گردی اور تعلیمی و بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے قومی سلامتی کے ساتھ معاشی استحکام اور انسانی ترقی کو بھی ترجیح دینا ہوگی، خطے کے عوام جنگ نہیں بلکہ امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، جبکہ مضبوط دفاع اور مؤثر سفارت کاری امن کے قیام میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے زور دیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تعاون کو دفاعی شعبے سے آگے بڑھا کر جامعات، تحقیقی اداروں، صنعت اور کاروباری شعبے تک وسعت دی جائے، مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، صنعتی اور ہنرمندی کے منصوبوں کے ذریعے عالمی شراکت داری کے ثمرات عام شہریوں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور نوجوانوں تک پہنچائے جاسکتے ہیں، انہوں نے گفٹ یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کو عملی اور کاروباری تجربات فراہم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button