سندھ کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے، سکھر، کراچی اور حیدرآباد ایئرپورٹس کی ترقی کا جائزہ

کراچی ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے وفد کا اجلاس ہوا، جس میں سکھر گرین فیلڈ ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، حیدرآباد ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن اور ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پی اے اے کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ محکموں کو زمین، سڑکوں کے رابطے اور دیگر ترقیاتی امور میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے سکھر ایئرپورٹ کے لیے تقریباً 3 ہزار ایکڑ زمین درکار ہے اور منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھانے کی تجویز ہے۔ کراچی ایئرپورٹ کا رن وے 3,200 سے بڑھا کر 3,500 میٹر کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرمینل کی توسیع، نئے اے ٹی سی ٹاور اور فائر اسٹیشن کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔حیدرآباد ایئرپورٹ کا رن وے 7 ہزار سے بڑھا کر 11,500 فٹ کرنے اور اسے کراچی کے متبادل ایئرپورٹ کے طور پر ترقی دینے کی تجویز ہے۔ حیدرآباد کے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو پاکستان کی پہلی مخصوص ایوی ایشن یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی اجلاس میں پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایوی ایشن انفراسٹرکچر کی ترقی سے سندھ میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ ملے گا، جبکہ بڑے شہروں اور معاشی مراکز کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔



