Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

یومِ دفاع شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت اور قومی ذمہ داریوں کی تجدید کا دن ہے، ملک محمد احمد خان

لاہور (آصف اقبال) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ یومِ دفاع پاکستان وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو فخر کے ساتھ یاد کرنے اور قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے قومی ہیروز کی شجاعت ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔یومِ دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا، تاہم افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم ناکام بناتے ہوئے وطن کا بھرپور دفاع کیا۔ 17 روز تک جاری رہنے والی جنگ میں پاکستانی جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف بھی ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی ہے، جس میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد پاکستانی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ طلبہ، معصوم بچوں، نمازیوں، زائرین اور معاشرے کے مختلف طبقات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ فراموش قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں قومی فخر ہیں اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر ضرورت کے وقت فوج کو اچھا اور اختلاف کی صورت میں برا قرار دینا درست رویہ نہیں، سیاسی جماعتوں کو فوج کے سیاسی کردار کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی قومی تاریخ میں قیامِ پاکستان اور تقسیمِ ہند کے واقعات اہم حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ ریاست کی مضبوطی آئینی اصولوں، قانون کی حکمرانی اور شہری آزادیوں سے وابستہ ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دفاعِ وطن صرف سرحدوں کی حفاظت کا نام نہیں بلکہ قومی اتحاد، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، ذمہ دار سیاسی طرزِ عمل اور ریاستی اداروں کے احترام سے بھی وابستہ ہے۔ یومِ دفاع ہمیں شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور ترقی کے لیے قومی یکجہتی مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button