برطانیہ میں سائبر حملوں کا خطرہ، شہریوں کو تین دن کا کھانا اور پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت

برطانیہ کے وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کم از کم تین دن کا ضروری کھانا، پانی اور دیگر بنیادی اشیا اپنے گھروں میں ذخیرہ رکھیں۔ان کا کہنا ہے کہ جدید اور زیادہ پیچیدہ سائبر حملوں کے باعث روزمرہ کی ضروری خدمات اور سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے ایل بی سی کے مطابق وزیر دفاع نے جمعرات کو کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ گھرانے اور کاروباری ادارے کسی بحران کی صورت میں اپنی تیاری کا جائزہ لیں اور جانیں کہ ضروری خدمات عارضی طور پر بند ہونے پر انہیں کیا کرنا ہوگا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سافٹ ویئر میں ایک سنگین سکیورٹی خامی کے باعث برطانیہ کی 32 سرکاری آن لائن خدمات کو عارضی طور پر آف لائن کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق سائبر جرائم پیشہ افراد نے اس خامی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تھی، جبکہ دنیا بھر میں ادارے اس مسئلے کا حل تلاش کر رہے ہیں۔








