1191 نمبر لینے والا طالب علم ایک روزہ اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر

راجن پور( آصف اقبال )پنجاب دانش سکول فاضل پور کے ہونہار طالب علم محمد قاسم کو شاندار تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں ایک روز کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر راجن پور مقرر کردیا گیا۔محمد قاسم نے لاہور بورڈ کے سائنس گروپ میں 1200 میں سے 1191 نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ ان کی غیرمعمولی کامیابی اور محنت کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا نے انہیں ایک روز کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر کا منصب سونپا۔محمد قاسم ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے تو انہیں سرکاری پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر ان کی والدہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ محمد قاسم نے ایک روز کے لیے ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور دفتر کے مختلف امور اور انتظامی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جبکہ افسران و عملے کے کام کرنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہی حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا نے کہا کہ محمد قاسم جیسے باصلاحیت اور محنتی طلبہ ضلع راجن پور کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت اور صلاحیتوں سے نمایاں کامیابی حاصل کرنا محمد قاسم، ان کے والدین اور اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی سے دیگر بچوں کو بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب ملتی ہے۔ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں محنت، لگن اور تعلیم کی جانب راغب کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اعزازی ڈپٹی کمشنر محمد قاسم نے ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں پودا بھی لگایا۔محمد قاسم کی والدہ نے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجن پور اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کو ایک روز کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر مقرر کیا جانا ان کے خاندان کے لیے باعثِ فخر ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عمران حسین رانجھا نے محمد قاسم کو شاندار تعلیمی کامیابی پر سرٹیفکیٹ اور انعامات بھی دیے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز حافظ عمران نصیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد عادل نواز خان بھی موجود تھے۔



