وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر کی مزار قائد پر حاضری، مشترکہ پرچم کشائی
پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے کی سلامی، بابائے قوم کو خراجِ عقیدت، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں

کراچی( آصف اقبال ) یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی اور بابائے قوم کو ان کی عظیم قومی خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد آمد پر صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ بعد ازاں گورنر سندھ نہال ہاشمی بھی مزار قائد پہنچے، جہاں ان کی آمد کا بگل بجا کر باقاعدہ اعلان کیا گیا۔مزار قائد پر وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے ارکان موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مزار قائد پر مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کو سلامی پیش کی جبکہ معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے ارکان نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مزار قائد پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔دونوں رہنماؤں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کے حصول اور پاکستان کے قیام میں ان کی بے مثال جدوجہد اور عظیم خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں بابائے قوم کے اصولوں، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل پیرا ہونے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔



