جاپان میں 7.1 شدت کا خوفناک زلزلہ، سونامی وارننگ جاری، ٹرینیں بند

ٹوکیو: جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد جاپانی محکمہ موسمیات نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی الرٹ نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی صوبہ کوماموتو تھا۔ زلزلے کے فوراً بعد تقریباً ایک میٹر بلند سونامی کی لہروں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے لیے وارننگ جاری کی گئی۔جاپانی حکومت نے کوماموتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی سمیت کیوشو کے متعدد صوبوں میں ایمرجنسی زلزلہ الرٹ جاری کر دیا تاکہ شہری بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔زلزلے کے بعد جے آر کیوشو نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنی تمام اہم ٹرین سروسز، بشمول تیز رفتار شنکانسن ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔دوسری جانب کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد سینڈائی اور گینکائی جوہری بجلی گھروں میں کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال یا تکنیکی خرابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔



