پاکستان اور لبنان کا سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، انٹیلیجنس شیئرنگ اور انسداد منشیات کیلئے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد ( آصف اقبال ) لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی تفصیلی مذاکرات ہوئے ملاقات میں سکیورٹی تعاون، دہشت گردی، منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے انٹیلیجنس شیئرنگ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا پاکستان اور لبنان کی وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ دوطرفہ رابطہ کاری مؤثر بنانے کیلئے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر اتفاق ہوا۔
دونوں ممالک نے انسداد منشیات کے شعبے میں پہلے سے موجود ایم او یو پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے، پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
مذاکرات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کاوشوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے ویزہ فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے لبنانی وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے پاک لبنان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک برادر ملک ہے اور لبنان داخلی سکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



