نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر آزاد کشمیر کے لیے نامزد کر دیا

لاہور (آصف اقبال) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو آزاد ریاست جموں و کشمیر کے صدر کے منصب کے لیے نامزد کر دیا ہے۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔مریم اورنگزیب نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو پارٹی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد ان کے نام کی منظوری دی ہے۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق آزاد کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی/پلندری سے ہے۔ وہ آزاد کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں اور ماضی میں وزیرِ حکومت کی حیثیت سے مختلف اہم اور کلیدی وزارتوں پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں صدرِ ریاست کے انتخاب کے لیے آئینی عمل بھی آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے نئے صدر کے انتخاب کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق صدرِ آزاد کشمیر کا انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی نامزدگی کے بعد صدرِ آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔



